ملیریا پرقابو پانے کےلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے،چیئرمین سینیٹ کا ملیریا کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

اے پی پی  |  Apr 25, 2024

اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملیریا پرقابو پانے کےلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے،ملیریا کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات سے نہ صرف غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی بلکہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی جانب پیش رفت بھی ہو گی۔

جمعرات کوملیریا کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ ملیریا سے آگاہی اور اس سے نمٹنے کے لیے مؤثر حل تلاش کرنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے، ملیریا ایک قابل علاج بیماری ہے، لیکن اس کے کنٹرول کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صحت سے متعلق عالمی معاہدوں کے دستخط کنندہ کے طور پر ملیریا پر قابو پانے کیلئے پر عزم ہے،ملیریا کے عالمی دن پر، سینیٹ کے چیئرمین کی حیثیت سے ملیریا کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کے اپنے عزم میں عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ملیریا پوری دنیا میں کمیونٹیز کیلئے خطرہ بن رہا ہے،خاص طور پر ان خطوں میں جہاں صحت کی دیکھ بھال اور وسائل تک رسائی محدود ہے، ہم مل کر ایسے اقدامات اٹھا سکتے ہیں جہاں کوئی بھی ملیریا کا شکار نہ ہو ۔انہوں نے کہا کہ آئیے ہم اس اہم دن پر ملیریا کے خاتمے کیلئے اپنی عہد کی تجدید کریں ۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملیریا کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات سے نہ صرف غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی بلکہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کی جانب پیش رفت بھی ہو گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More