رنویر سنگھ نے انسٹاگرام سے شادی کی تصاویر کیوں ہٹا دیں؟

اردو نیوز  |  May 09, 2024

انڈین فلم انڈسٹری بالی وڈ کے مشہور اداکار رنویر سنگھ نے اداکارہ دیپکا پڈوکون کے ساتھ اپنی شادی کی تصاویر انسٹاگرام سے ہٹا دی ہیں۔

بدھ کو این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق بالی وڈ کا مشہور جوڑا سنہ 2012 سے مسلسل خبروں میں ہے جب پہلی بار اُن کی ڈیٹنگ کی افواہیں اُڑی تھیں۔

دونوں کی ملاقاتیں رام لیلا فلم کے سیٹ پر رہیں جس کے بعد وہ مستقل فلم انڈسٹری کے مشہور کردار بنے رہے۔

اس کے بعد دونوں نے اس دوستی اور تعلق کو شادی کر کے رشتے میں بدل لیا اور رواں سال کے آغاز پر مشہور فلمی ستاروں نے اعلان کیا کہ ستمبر میں اُن کے پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

ایک ایسے وقت میں جب دونوں کے حوالے سے ہر خبر خوشی کی جانب جا رہی ہے رنویر سنگھ کی حالیہ سوشل میڈیا ’صفائی مہم‘ نے مداحوں کو پریشان کر دیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ اداکار نے اپنی 2018 کی شادی کی تصاویر کو حذف یا پھر آرکائیوز (محفوظ) کر لیا ہے۔

اٹلی میں ہونے والی شادی کی تقریب کی تصاویر برسوں سے مداحوں کی پسندیدہ ہیں۔

دیپکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی کی ویڈیو نے گزشتہ برس ایک بار پھر شہ سرخیوں میں جگہ بنائی جب اسے ’کافی ود کرن‘ شو میں جاری کیا گیا تھا۔

شادی کی تصاویر ہٹانے سے تشویش میں مبتلا مداحوں نے رنویر سنگھ کی ٹائم لائن پر دیگر پوسٹس کے کمنٹس سیکشن میں اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔

رنویر سنگھ کی انسٹاگرام ٹائم لائن پر تازہ ترین پوسٹ پر مداحوں نے ’کون کون شادی کی ڈیلیٹ کی گئی تصاویر دیکھنے آیا ہے۔‘

ایک صارف نے لکھا کہ ’میں نے سنا ہے کہ آپ نے تصاویر کا البم جلا دیا ہے۔‘

ایک اور مداح نے پوچھا کہ ’آپ کی شادی کی تصاویر کہاں ہیں بھئی۔‘

اٹلی میں ہونے والی شادی کی تقریب کی تصاویر برسوں سے مداحوں کی پسندیدہ ہیں۔ فوٹو: رنویر سنگھ انسٹاگرامدپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ 2023 میں اُس وقت شادی کے حوالے سے سرخیوں میں آئے جب اداکارہ نے شو میں اپنی ڈیٹنگ کے حوالے سے خیالات کا اظہار کیا۔ رنویر سنگھ کے ساتھ اپنی ابتدائی ڈیٹنگ کے دنوں کے بارے میں دیپکا نے خیالات مشہور ٹاک شو کافی ود کرن میں شیئر کیے تھے۔

اس گفتگو کے بعد دیپکا پڈوکون کو سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم انہوں نے ہمیشہ کی طرح ایک باوقار خاموشی اختیار کیے رکھی۔

رنویر سنگھ سینما کی سکرین پر آخری بار ’راکی ​​اور رانی کی پریم کہانی‘ جبکہ دیپیکا پڈوکون ’فائٹر‘ فلم میں نظر آئیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More