کنگنا رناوت کا لوک سبھا انتخابات جیتنے کے بعد بالی وڈ چھوڑنے کا عندیہ

اردو نیوز  |  May 20, 2024

انڈین اداکارہ کنگنا رناوت نے عندیہ دیا ہے کہ وہ لوک سبھا انتخابات جیتنے کے بعد بالی وڈ چھوڑ دیں گی۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق اپنے حالیہ انٹرویو میں کنگنا رناوت نے انکشاف کیا ہے کہ وہ لوک سبھا کے انتخابات جیتنے کے بعد صرف سیاست ہی کریں گی کیونکہ وہ سمجھتی ہیں کہ ہندی فلم انڈسٹری ’فیک‘ ہے۔

کنگنا رناوت سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ لوک سبھا کے انتخابات جیتنے کے بعد بالی وُڈ چھوڑ دیں گی؟ تو اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’جی ہاں۔‘

اداکارہ نے مزید کہا کہ ’فلمی دنیا ایک جھوٹ ہے، سب کچھ فیک ہے۔ وہ لوگ بہت عجیب قسم کا ماحول بناتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ جھوٹی رنگ برنگی دنیا ہے جس کا مقصد عوام کو اپنی طرف کھینچنا ہے۔ اس (بالی وڈ) کی یہ ہی سچائی ہے۔‘

کنگنا نے مزید کہا کہ ’میں بہت جنونی انسان ہوں۔ میں کبھی اس وجہ سے فلم نہیں کرنا چاہتی تھی کہ مجھے صرف کام کرنا یے۔ میں نے فلمیں لکھنا شروع کیں اور جب میں کوئی کردار کرنے سے اکتا جاتی ہوں تو میں ہدایت کاری کرتی ہوں یا فلم پروڈیوس کرتی ہوں۔‘

خیال رہے کہ کنگنا رناوت اپنے آبائی علاقے منڈی سے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ٹکٹ پر انتخابات لڑ رہی ہیں اور حالیہ دنوں میں اپنی انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔

اداکارہ نے بالی وُڈ میں اپنا ڈیبیو سنہ 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’گینگسٹر‘ سے کیا تھا۔

اُنہوں نے اپنے کیریئر میں ’کوئن‘، ’تنو ویڈز منو‘ اور ’تنو ویڈز منو ریٹرنز‘ جیسی کامیاب فلموں میں بھی کام کیا ہے۔

دوسری جانب اداکارہ کی بطور ہدایت کار پہلی فلم ’ایمرجنسی‘ کی11 جون کو ریلیز ملتوی کر دی گئی ہے۔

اس فلم کی کہانی انڈیا میں 1975 سے 1977 تک 21 مہینوں کی لگنی والی ایمرجنسی کے گرد گھومتی ہے۔

اس فلم میں کنگنا رناوت سابق انڈین وزیراعظم اندرا گاندھی کا کردار ادا کر رہی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More