کامسٹیک کا مسلح تنازعات، جنگ اور دماغی صحت پر ویبنار کا انعقاد

اے پی پی  |  May 24, 2024

اسلام آباد۔24مئی (اے پی پی):پاکستان میں قائم اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ذیلی ادارہ کامسٹیک نے جمعہ کو مسلح تنازعات، جنگ اور دماغی صحت پر ایک ویبنار کا انعقاد کیا۔ کامسٹیک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ویبنار کی نظامت آغا خان یونیورسٹی کے پروفیسر ڈاکٹر واسع نے کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ صرف جنگ زدہ علاقوں میں لوگوں کو ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کی انسانیت کو متاثر کررہا ہے۔ سابق صدر افریقی اکیڈمی آف نیورولوجی اور قاہرہ یونیورسٹی میں نیورولوجی اور سٹروک میڈیسن کے پروفیسر ڈاکٹر فواد عبداللہ نے نسل کشی اور دماغی صحت پر اس کے اثرات کے بارے میں بات کی۔

انہوں نے نسل کشی، نسل کشی کے عوامل کے پیچھے محرکات اور اس کے اثرات پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ تنازعات کے بعد کے وقت میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لیے منصوبے تیار کرنے کے ساتھ ساتھ ہمیں نسل کشی کو ختم کرنے اور مل جل کر رہنے کی ضرورت ہے۔ غزہ سے تعلق رکھنے والے پروفیسر ڈاکٹر عادل مسک نے فلسطین جنگ کے علاقائی اثرات اور غزہ کی پٹی پر نسل کشی کے اثرات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ جارحیت کے دوران غزہ کے ہسپتالوں کو جان بوجھ کر اور کئی بار نشانہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 147 میڈیا ورکرز مارے گئے ہیں جن میں اکثریت فلسطینیوں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے آغاز سے اب تک 38 صحافیوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور کئی صحافیوں نے اپنے خاندان کے افراد کو کھودیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت غزہ کے 100 فیصد باشندے غذائی تحفظ کے بحران کا سامنا کر رہے ہیں اور علاقہ میں پورا انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔

سابق صدر ورلڈ سائیکاٹری ایسوسی ایشن پروفیسر ڈاکٹر میاں افضل جاوید نے مسلح تنازعات کے عالمی ذہنی صحت پر اثرات کے موضوع پر گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ ممالک کو ایسی آفات سے نمٹنے کے لیے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سسٹم کو وسعت دیں۔ ترکیہ سے تعلق رکھنے والے انوائرمنٹ نیورولوجی گروپ کے پروفیسر ڈاکٹر سیرفنور اوزترک نے جنگ کے ماحولیاتی اثرات کے موضوع پر گفتگو کی۔ ویبنار میں او آئی سی کے رکن ممالک کے شرکاءنے آن لائن شرکت کی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More