مردہ والد سے رابطے کے خواہشمند میئر جنھیں ایک نجومی اور ’فرشتوں کی آواز‘ نے جیل کی سلاخوں کے پیچھے پہنچا دیا

بی بی سی اردو  |  May 28, 2024

Getty Images

بحیرہ روم کے ساحل پر واقع آگڈے قصبہ اپنے خوبصورت ساحلوں اور سال بھر رہنے والی دھوپ کے ساتھ ساتھ سیکس پارٹیوں کے لیے بھی مشہور ہے جہاں ہر سال یورپ بھر سے ہزاروں کی تعداد میں جوڑے آتے ہیں اور اپنے سیکس پارٹنر تبدیل کرتے ہیں۔

لیکن حالیہ دنوں میں اس چھوٹے سے خوبصورت فرانسیسی قصبے کو ایک مختلف نوعیت کے سکینڈل نے گھیر رکھا ہے جو پورے ملک کے لیے حیرانی کے ساتھ ساتھ تفریح کی وجہ بھی بنا ہوا ہے۔

اس سکینڈل کے مرکزی کردار اس قصبے کی ایک نجومی اور مقامی میئر ہیں جو ماضی میں خفیہ سروس اور پولیس میں بھی کام کر چکے ہیں۔ اس وقت یہ دونوں جیل میں بند ہیں اور ان کے خلاف تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

سوفیا مارٹینیز نامی نجومی پر الزام ہے کہ انھوں نے میئر سے دھوکہ دہی کے ذریعے پیسے ہتھیا لیے جبکہ میئر گلیز ڈی ٹوری پر کرپشن کرنے کا الزام ہے جس کی وجہ بتائی گئی ہے کہ انھوں نے نجومی خاتون پر ٹیکس ادا کرنے والوں کا بہت پیسہ لٹایا۔

اس کہانی کا آغاز سوفیا مارٹینیز کی اس مشہور مہارت سے ہوتا ہے کہ وہ مردہ افراد سے بات کر سکتی ہیں۔ میئر کے وکیل کا کہنا ہے کہ جب گلیز ڈی ٹوری نے سوفیا سے کہا کہ ان کے مردہ والد سے ان کی بات کروا دیں تو وہ ایسا کرنے میں کامیاب رہیں۔

اس عمل کے دوران سوفیا کی آواز اچانک تبدیل ہو جاتی اور ان کا لہجہ میئر کے والد جیسا ہو جایا کرتا۔ تاہم اب سوفیا پر الزام ہے کہ گزشتہ چار سال میں انھوں نے میئر سے فراڈ کیا جس کے لیے انھوں نے اپنی مہارت کا استعمال کیا۔

Getty Imagesمیئر سابق فرانسیسی صدر نکولس سارکوزی کے ساتھ

واضح رہے کہ ’وینٹریلوکوئسٹ‘ مہارت رکھنے والا فرد یہ صلاحیت رکھتا ہے کہ وہ اس طرح سے بات کرے کہ محسوس ہو کہ آواز اس شخص کی نہیں بلکہ کہیں اور سے آ رہی ہے۔

اس دوران میئر کو ہزاروں پراسرار فون کالز آئیں جن میں موجود آوازوں نے ’فرشتے‘ تک ہونے کا دعوی کیا اور ان میں سے چند نے میئر پر زور دیا کہ وہ نجومی کی ہر ممکن مدد کریں۔ اور یہیں سے کرپشن کی کہانی کا آغاز ہوا۔

مبینہ طور پر میئر نے نجومی سوفیا مارٹینیز اور ان کے خاندان کی تھائی لینڈ اور پولینیژیا میں پرتعیش چھٹیوں کے لیے ادائیگیاں سرکاری فنڈز سے کیں۔

ان پر عائد الزامات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فون پر آوازوں نے ان کو اس بات کی ترغیب دی کہ وہ سوفیا کے خاندان کے متعدد افراد کو قصبے کی کونسل میں ملازمت دیں۔ اس کے علاوہ فرشتوں کی آوازوں نے میئر کو سوفیا کے گھر کی ازسرنو آرائش کروانے کا بھی مشورہ دیا۔

مقامی بزنس نے یہ کام مفت میں کیا کیوں کہ ان کو ڈر تھا کہ میئر ان سے مستقبل کے ٹھیکے نہ چھین لیں۔ اس مقدمے سے جڑی تشہیر کی وجہ سے قصبے کے میئر کے وکیل راتوں رات ملک کی ایک مشہور شخصیت بن چکے ہیں۔

بے گھر اجنبی اور امیر بیوہ: سچی محبت یا دھوکے کی کہانی؟سیکس کے دوران ’جنسی تسکین کے لیے گلا دبانے‘ جیسے خطرناک عمل کا رجحان کیوں بڑھ رہا ہے؟

مارک ڈیریگریڈ نے اپنے دفتر میں بات کرتے ہوئے مجھے بتایا کہ ’یہ ایک پاگل پن والی کہانی ہے۔ یہ اس لیے دلچسپ ہے کیوں کہ ایک ایسا شخص جو سیاست میں ہے، میئر ہے اور بہت ذہین بھی ہے اور پھر آپ کو پتہ چلتا ہے کہ ایسا شخص اس طرح ایک خاتون کے ہاتھوں بیوقوف بن جاتا ہے۔‘

’یہ عورت اس کی زندگی میں آتی ہے اور اسے کہتی ہے کہ میں تمھارے مردہ والد سے بات کر سکتی ہوں۔ اس عورت نے میئر کی ذہنی کمزوری تلاش کی اور ذاتی فائدے کے لیے استعمال کیا۔ بہت وقت لگا جس کے بعد جا کر میئر نے تسلیم کیا کہ اس کے ساتھ دھوکہ ہوا ہے۔‘

دوسری جانب سوفیا کے وکیل لوک ابراٹکیووچ کا نظریہ مختلف ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ ’سوفیا نے تسلیم کیا کہ انھوں نے میئر کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی لیکن یہ دھوکہ دہی کا مقدمہ نہیں ہے کیوں کہ انھوں نے جو بھی کیا اسے تسلیم کیا ہے اور ان کے دیگر کلائنٹس جن میں ڈاکٹر اور آرکیٹیکٹ تک شامل ہیں نے کہا ہے کہ ان کے پاس ایسی پراسرار طاقتیں ہیں۔‘

’سوفیا نے ان کی زندگی کے بارے میں ایسی تفصیلات ظاہر کی ہیں جو کوئی اور نہیں جانتا تھا۔‘

دونوں کے وکلا نے اس بات کی تردید کی لیکن مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ سارا معاملہ دراصل سیکس کا ہے جس کی اس قصبے میں پہلے ہی بہتات ہے۔

ٹاؤن ہال کے قریب ایک کیفے میں جین میکس نے کہا کہ ’مجھے میئر پسند ہیں اور وہ میرے ساتھ بہت اچھے طریقے سے برتاؤ کرتے ہیں، ان سے دھوکہ ہوا۔ شاید وہ اس سے محبت کرتے تھے۔‘

کیفے میں موجود ایک اور صارف نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’میرے نزدیل اس سکینڈل میں سیکس اصل وجہ ہے۔ جہاں پیسہ ہوتا ہے، اس کا مطلب ہے کہ سیکس بھی اس کا حصہ ہو گا۔ یہ دونوں ساتھ ساتھ رہتے ہیں۔‘

BBCسوفیا کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے کیوں کہ خواتین کی جیل میں قیدیوں نے ان پر جادو کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے حملہ کرنے کی کوشش کی

فرانس کے اس حصے میں انتہائی دائیں بازو کی سیاسی جماعت نے کافی اہمیت اختیار کر لی ہے اور میئر کے سب سے بڑے ناقدین میں سے ایک فیبیئین وریسانو نے ان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ’وہ سخاوت کریں، بہت سی خواتین سے محبت میں گرفتار ہوں، یہ ان کی ذاتی زندگی ہے۔ لیکن ٹیکس کا پیسہ استعمال کرنا، یہ ایک مختلف کہانی ہے۔ انھوں نے ہمارے قصبے کا مذاق بنا دیا ہے۔‘

ایک مقامی جج نے نجومی اور میئر دونوں کو حراست میں رکھنے کا حکم دے رکھا ہے تاکہ ممکنہ گواہان متاثر نہ ہوں۔ سوفیا کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے کیوں کہ خواتین کی جیل میں قیدیوں نے ان پر جادو کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے حملہ کرنے کی کوشش کی۔

ایک ہی آدمی سے ایک سی محبت اور ایک سا جنسی تعلق کیا ہمیشہ ممکن ہے؟مبالغہ آمیز تعریفیں اور تحائف: ’محبت کی بمباری‘ کی نشانیاں جو خطرے کی علامت ہیں ’وہ سیکس حادثہ تھا‘: ارب پتی تاجر کا بیٹا جو اپنی دوست کے ریپ اور قتل کیس میں 15 سال سے روپوش ہےرومانوی فراڈ سے کیسا بچا جائے؟ ’میں نے اس کی مدد کے لیے اپنی جمع پونجی کے علاوہ قرض بھی لیا‘
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More