معاشی چیلنج سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی سے کام لیا جا رہا ہے، ٹیکسٹائل صنعت کو برآمدات میں سہولیات فراہم کی جائیں گی،وفاقی وزیر تجارت

اے پی پی  |  May 28, 2024

لاہور۔28مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ معاشی چیلنج سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی سے کام لیا جا رہا ہے، ٹیکسٹائل صنعت کو برآمدات میں سہولیات فراہم کی جائیں گی،معیشت کے حوالے سے چیزوں کو بہتر کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔بجٹ میں صنعتکاروں کو ریلیف دینے کی کوشش کریں گے۔وہ منگل کو یہاں اپٹما میں دورہ کے دوران صنعتکاروں اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر تجارت و سرپرست اعلی اپٹماگوہر اعجاز، چیئرمین اپٹما پنجاب کامران ارشد ، سینئر وائس چیئرمین اپٹما اسد شفیع، وائس چیئرمین اپٹما پنجاب احمد شفیع سمیت ٹیکسٹائل کی صنعت سے وابستہ صنعتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ پہلے دن سے وزیر اعظم ملک کو درپیش مشکلات سے نکالنے کیلئے بڑے جذبے اور محنت کے ساتھ کام کر رہے ہیں، پاکستان کو بہت چیلنجز کا سامنا ہے لیکن ہمیں اللہ سے بہتری کی امید ہے، یہ سب ہماری محنت پر مبنی ہے۔ ملک کو معاشی طور پر مستحکم بنانا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے صنعتکاروں کو یقین دلایا کہ ان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے، برآمدات میں اضافہ سے ملک ترقی کر سکتا ہے ،صنعتکار برآمدات میں اضافہ کیلئے بھرپور محنت کریں، حکومت انہیں معاونت فراہم کرے گی۔جام کمال نے کہا کہ آپ لوگوں مسائل جائز ہیں ، جب تک کاروباری مسائل حل نہیں ہوں گے، شکایتیں نہیں سنیں گے تب تک یہ معاملات اسی طرح چلتے رہیں گے۔ انہوں نے کہ کہا کہ میری وزارت کے دروازے آپ لوگوں کیلئے کھلے ہیں ، آپ کی تمام تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی صنعت کے ساتھ 70سے 80 فیصد افراد کا روزگارلگا ہوا ہے ، صنعتوں کے چلنے سے ہی بیروزگاری کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ حکومتی ویژن کے حوالے سے جام کمال نے کہا کہ پاکستان میں گورننس، مہنگائی کا مسئلہ ہے، عالمی معیشت کا بھی بہت اثر ہے، ایف بی آر کے مسئلے ہیں اس کے ساتھ ساتھ انرجی کے مسائل کو بہتر کرنے کیلیے ڈسکوز کو بتایا گیا ہے کہ صنعتکاروں پر بوجھ نہ ڈالا جائے، تجارت کے لیے ابھی سے ایشوز کو بہتر کرناضروری ہے۔ایک سوال کے جواب میںوفاقی وزیر جام کمال نے کہا کہ حکومت ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مسائل کو حل کرنے کیلئے جامع اقدامات کررہی ہے، ہمیں اپنی خامیوں کا ملبہ ایک دوسرے پر ڈالنے کی بجائے آگے بڑھنا ہو گا۔وزارت کامرس میں کام کرنیوالے بعض افرادکے مائنڈ سیٹ کو بدلنے کی ضرورت ہے جو اپنا کام دوسروں پر ڈال دیتے ہیں،انہوں نے کہا کہ دن رات میٹنگز کرکے اس مسئلہ کو کافی حد تک حل لیا گیا ہے۔ آنے والے دنوں میں حالات مزید بہتر ہو جائیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انرجی کے مسائل کو حل کرنا اولین ترجیح ہے تاکہ بجلی اور گیس کے نرخوں کو کم کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ہماری نیت صاف ہے ،نیت ٹھیک ہو تومسئلوں کا حل نکل آتا ہے جبکہ نیت میں فتور ہو تو کوئی بھی مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ گوہر اعجاز نے نگران دور میں معیشت کی بہتری کیلئے اچھی کارکردگی دکھائی تھی اور انہی کے ویژن کو لیکر وزارت کامرس میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ بورڈ کو خود وزیراعظم مانیٹر کر رہے ہیں، وزیراعظم صنعتی مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں اور تجاویزبھی معلوم کرتے رہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں عوام اور صنعت کاروں کے مسائل حل کرکے ہی دم لیں گے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More