کراچی: وزیر داخلہ سندھ کی اچانک تھانے آمد، ایس ایچ او معطل

ہم نیوز  |  Jun 13, 2024

کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار رات گئے تھانے پہنچ گئے۔ شہری کی شکایت پر ایس ایچ او معطل اور تنزلی کے احکامات جاری کر دیئے۔

وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار رات گئے اچانک شاہراہ فیصل تھانے پہنچ گئے۔ انہوں نے تھانے کے روزنامچہ اور مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ایس ایس پی ضلع شرقی فرخ رضا بھی تھانے پہنچے اور صوبائی وزیر داخلہ کو بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر داخلہ نے تھانے میں موجود شہری سے ملاقات کی۔ شہری نے وزیر داخلہ کو ایف آئی آر درج نہ کیے جانے کی شکایت کی۔ شہری کی شکایت پر وزیر داخلہ نے ایس ایچ او کو معطل اور تنزلی کے احکامات جاری کر دیئے۔

ضیا الحسن لنجار نے کانسٹیبلز کے علاوہ تمام عملے کی معطلی کے بھی احکامات جاری کر دیئے۔ صوبائی وزیر داخلہ نے سول کپڑوں میں موجود پولیس اہلکاروں پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

صوبائی وزیر داخلہ نے آئی جی کو ہدایت کی کہ شہریوں کی بغیر کسی تاخیر کے ایف آئی آرز درج کی جائیں اور ون فائیو کے نظام کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جائے۔

واضح رہے کہ شہریوں نے وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار کو ون فائیو پر کالز موصول نہ ہونے کی شکایت کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بجٹ میں پیوند لگائے گئے، ٹیکس سے تنخواہ دار طبقے پر بوجھ پڑے گا، مفتاح اسماعیل

وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ پولیس اپنے فرائض تندہی سے انجام دے اور کراچی میں امن وامان کی صورتحال پر مکمل کنٹرول کیا جائے۔ چوری، ڈکیتی، رہزنی اور دیگر جرائم پر زیرو ٹالرنس ہونا چاہیے۔ ہمیں عوام کی جان و مال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنانا ہے۔

صوبائی وزیر داخلہ نے ڈی ایس پی احمد میمن کو کراچی پولیس آفس رپورٹ کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More