آسٹریلیا کی سکاٹ لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست، انگلینڈ سُپر ایٹ مرحلے میں پہنچ گیا

اردو نیوز  |  Jun 16, 2024

امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے 35ویں میچ میں آسٹریلیا نے سکاٹ لینڈ کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔

اتوار کو سنیٹ لوشیا میں کھیلے گئے میچ میں سکاٹ لینڈ کی جانب سے دیے گئے 181 رنز کے ہدف کو آسٹریلیا نے 19.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے ٹریوس ہیڈ نے 68، مارکس سٹوئنس نے 59 اور ٹِم ڈیوڈ نے 24 رنز بنائے۔

سکاٹ لینڈ کی جانب سے مارک واٹ اور صفیان شریف نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سکاٹ لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے۔

سکاٹ لیںڈ کی جانب سے برینڈن ممکولن نے 60، کپتان رِچی بیرنگٹن نے 42 جبکہ جورج منسی نے 35 سکور بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے گلین میسکویل نے دو جبکہ ایشٹن ایگر اور نیتھن ایلس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سکاٹ لینڈ کی شکست کے بعد انگلینڈ کی ٹیم بہتر رن ریٹ کے باعث سپر ایٹ مرحلے میں کوالیفائی کر گئی ہے۔

اگر اس میچ میں آسٹریلیا کو شکست ہو جاتی تو سکاٹ لینڈ 7 پوائنٹس کے ساتھ سپرایٹ مرحلے میں پہنچ جاتا جبکہ انگلینڈ کا سفر گروپ مرحلے میں ہی ختم ہو جاتا۔

دوسری جانب اتوار ہی کو انٹیگا میں کھیلے گئے میچ میں انگلیںڈ نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت نمیبیا کو 41 رنز سے ہرا دیا۔

بارش سے متاثرہ میچ میں نمیبیا کی ٹیم 10 اوورز میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت ملنے والے 126 رنز کے ہدف کو حاصل کرنے میں ناکام رہی اور مقررہ اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 84 رنز ہی بنا سکی۔

انگلینڈ کی جانب سے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہیری بُروک نے 47، جونی بیئرسٹو نے 31 اور معین علی نے 16 رنز بنائے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More