’رسمی کارروائی‘، پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان میچ آج کھیلا جائے گا

اردو نیوز  |  Jun 16, 2024

امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے 36ویں میچ میں پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان میچ آج کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے فلوریڈا میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور آئرلینڈ دونوں ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنا آخری میچ کھیلیں گی اور یہ میچ رسمی کارروائی ثابت ہو گا کیونکہ دونوں ٹیمیں پہلے سے ہی ایونٹ سے باہر ہو چکی ہیں۔

پاکستان گروپ اے میں دو میچز ہارنے اور ایک میچ جیتنے کے بعد دو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ آئرلینڈ صفر پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر براجمان ہے۔

اس میچ کے نتیجے سے دونوں ٹیموں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ گروپ اے سے انڈیا اور امریکہ سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔

پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان اب تک ٹی20 کرکٹ میں صرف چار میچز کھیلے جا چکے ہیں جس میں تین مرتبہ پاکستان جبکہ ایک مرتبہ آئرلینڈ نے کامیابی حاصل کی۔

خیال رہے کہ گروپ مرحلے میں اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو میزبان امریکہ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ دوسرے میچ میں روایتی حریف انڈیا نے پاکستان کو ہرا دیا۔

پاکستان نے اپنے تیسرے میچ میں کینیڈا کو شکست دی تاہم آئرلینڈ اور امریکہ کے درمیان فلوریڈا میں شیڈول میچ بارش کے باعث منسوخ ہونے سے پاکستان کا ٹی20 ورلڈ کپ میں سفر اختتام پذیر ہو گیا۔    

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More