پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کل صبح 6 بجے سے پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان

ہم نیوز  |  Jul 04, 2024

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کل بروز جمعہ صبح 6 بجے سے تمام پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان کر دیا۔

پی پی ڈی اے کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے کہا ہے کہ ہمارے حکومت کے ساتھ مذاکرات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا جس کے بعد ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بجٹ میں 0.5 فیصد ایڈوانس ٹرن اوور ٹیکس کے نفاذ کیخلاف 5 جولائی کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔

ڈالر مہنگا، دیگر کرنسیوں کی قیمت میں بھی اضافہ

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیٹرولیم ڈیلرزایسویسی ایشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات ناکام ہو گئے تھے جس کے بعد پیٹرول پمپس بند کر نے کا اعلان کیا گیا تھا ۔

چئیرمین پیٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن عبدالسمیع خان کا کہنا تھا کہ 5 جولائی بروز جمعہ کی صبح 6 بجے سے ملک بھر کے پیٹرول پمپس بند کر دیئے جائیں گے، انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ، چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ اور چیئرمین اوگرا مسرور خان سےملاقات ہوئی ۔ جس میں ہم نے اعتراض اٹھایا کہ ہمیں دہرا ٹیکس ہرگز قابل قبول نہیں۔

عبد السمیع خان کا کہنا تھا کہ ملاقات بے نتیجہ رہی ہے جسکی وجہ سےاحتجاجا پمپس بند کریں گے۔ ڈبل ٹیکسیشن کوکسی صورت نہیں مانتے ۔ ڈیلرز کو کہہ دیا تھا کہ چار جولائی تک پیٹرول پمپس پر اسٹاک رکھیں۔

چئیرمین پیٹرولیم ڈیلرزایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ کل رات سے ملک بھر کے پمپس ڈرائی ہونا شروع ہوجائیں گے ۔ جب تک حکومت 0.5 فیصد ٹیکس کا فیصلہ واپس نہیں لیتی مذاکرات نہیں ہوں گے ۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں میں پیڑول بھروالیں۔

اسلام آباد جلسہ، پی ٹی آئی نے پنجاب بھر سے کارکنان کو شرکت کی کال دیدی

اس سے قبل بدھ کے روز پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے اعلان کیا تھا کہ 5 جولائی کو پیٹرول پمپ بند رہیں گے۔ انہوں نے کہاتھا کہ خسارے میں پیٹرول پمپ نہیں چلا سکتے اور دنیا میں ایسا کوئی طریقہ نہیں کہ نقصان میں پمپس چلائے جائیں، ہمیں دہرا ٹیکس ہرگز قابل قبول نہیں۔

عبدالسمیع خان نے خبردار کیا کہ اگر یہ ٹیکس لگایا گیا تو ہم پیٹرول پمپ بند کرنے پر مجبور ہوجائیں گے اور اگر ہمارا کاروبار متاثر ہوا تو ہم سخت اقدامات کریں گے۔انہوں نے کہا ہے کہ ایرانی تیل ملک میں اسمگل کیا جا رہا ہے اور ہماری آواز نہیں سنی جا رہی ہے۔ ہم نے سب سے رابطہ کیا لیکن ہمیں کوئی موثر جواب نہیں ملا۔

چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں ایران سے معاہدہ کر لیا جائے اور ایرانی تیل پر ٹیکس لگائیں، اسمگلنگ کو روکنے کے لئے ایرانی تیل پر ٹیکس عائد کرنا چاہئے ، اسمگلنگ روکنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More