بلوچستان: ضلع چاغی میں راستہ بھٹک جانے والے دو افراد گرمی کے باعث ہلاک

اردو نیوز  |  Jul 04, 2024

بلوچستان کے ضلع چاغی میں راستہ بھٹکنے والے دو افراد ویران علاقے میں گرمی کے باعث ہلاک ہو گئے ہیں۔ ادھر سبّی میں شدید گرمی میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف سراپا احتجاج مظاہرین بپھر گئے اور واپڈا گرڈ سٹیشن میں گھس کر توڑ پھوڑ کی۔

 پہلا واقعہ ایرانی سرحد سے متصل چاغی کے علاقے نوکنڈی میں راجے کے قریب پیش آیا۔

لیویز کے مطابق دالبندین کے رہائشی تین افراد زمباد پک اپ گاڑی میں ایرانی سرحد سے ڈیزل لے کر آرہے تھے ۔ پچیس تیس کلومیٹر سفر طے کرکے جب وہ ایک بالکل ویران علاقے میں پہنچے تو ان کی گاڑی کا پٹرول ختم ہو گیا۔

لیویز کے مطابق ڈرائیور نے دو کلینروں کو پٹرول لانے کے لیے ماشکیل کی طرف بھیجا تاہم وہ مٹی اور تیز ہوا چلنے کی وجہ سے راستہ بھٹک گئے۔ اس علاقے میں دور دور تک آبادی نہیں اور درجہ حرارت بھی 50ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب تھا۔ اس لیے شدید گرمی اور پیاس کی وجہ سے دونوں کی موت ہو گئی۔ ہلاک ہونےوالوں میں پندرہ سالہ لڑکا بھی شامل ہیں۔  

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع سبی میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے۔

سبی اتحاد کی جانب سے میر اصغر مری، نور احمد شاہ، اسلم کشگوری اور دیگر کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

ریلی کے شرکاء مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے جب واپڈا گرڈ سٹیشن کے قریب پہنچے تو بعض مظاہرین مشتعل ہوگئے۔

ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ کے مطابق بعض مشتعل مظاہرین گرڈ سٹیشن کی دیوار گراکر اندر داخل ہوگئے اور وہاں توڑ پھوڑ کی تاہم پولیس اور لیویز نے صورتحال پر قابو پا لیا۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ سبی پاکستان ہی نہیں دنیا کے گرم ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔ درجہ حرارت گرمیوں میں کبھی 40 ڈگری سے کم ہوتا نہیں۔ ایسے میں گرمی سے بچنے کے لیے بجلی سہولت نہیں بلکہ ضرورت اور مجبوری ہے۔

کیسکو کے مطابق ادائیگیاں نہ ہونے کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے (فوٹو: کیسکو)

ان کا کہنا تھا کہ اس شدید گرمی میں بھی کیسکو کی جانب سے شہری علاقوں میں یومیہ 14 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں اکیس اکیس گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے بچوں، خواتین، بزرگوں اور بیمار افراد کا برا حال ہے۔ کئی افراد بیمار ہو کر ہلاک بھی ہوچکے ہیں۔‘

دوسری جانب کیسکو حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ لوگ گرمی سے بچنے کے لیے ایئر کنڈیشنر کا استعمال کرتے ہیں لیکن پورا بل ادا کرنے کے بجائے کنڈے لگا کر بجلی چوری کرتے ہیں۔ ادائیگیاں نہ ہونے کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ کی جاتی ہے۔

ڈپٹی کمشنر سبی جہانزیب شیخ کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ سنگین ہے۔ ایک طرف غربت کی وجہ سے لوگ بجلی کا مکمل بل ادا نہیں کر پا رہےم دوسری جانب ریکوری نہ ہونے کی وجہ سے کیسکو کو نقصانات کا سامنا ہے۔ ’ہیٹ سٹروک کا خطرہ ہے، ہم نے کیسکو کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم کرنے کی درخواست کی ہے۔‘

ڈپٹی کمشنر کے مطابق مذاکرات کے بعد مظاہرین کو منتشر کردیا گیا ہے تاہم توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More