پاکستان نے اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کی رپورٹ مسترد کر دی

ہم نیوز  |  Jul 05, 2024

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے بانی پی ٹی آئی کے بارے میں اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کی رپورٹ کو غیر ضروری اور حقائق کے خلاف قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ پاکستان میں جمہوریت مضبوط اور فعال ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ غیر ضروری ہے۔ انہوں نے امریکی محکمہ خارجہ کی مذہبی آزادیوں سے متعلق رپورٹ کو بھی حقائق کے منافی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ آدھی سے زیادہ رپورٹ غلط اور بے تحقیق ہے۔ پاکستان میں ہر فرد کو مذہبی آزادی حاصل ہے اور پاکستانی شہری قانون اور آئین کے تحت مکمل مذہبی آزادی سے زندگی گزار رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: انسانی اسمگلنگ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، محسن نقوی

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ اکتوبر میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہ اجلاس کی میزبانی کے لیے تمام رکن ممالک کے سربراہان کو مدعو کیا جائے گا۔ اس حوالے سے بھارتی وزیر اعظم کو بھی مدعو کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام کے لیے پاکستان نے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ غزہ کے میڈیکل طلبہ کو تعلیم کی اجازت دے کر انسانی بنیادوں پر مدد فراہم کی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ دوحہ تھری مذاکرات میں آصف درانی نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ افغان وفد کو دہشتگردی میں افغانستان کی سرزمین کے استعمال اور ٹی ٹی پی کی معاونت پر آگاہ کیا گیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More