ایمان خلیف میڈل راؤنڈ میں: ’میرے ساتھ ناانصافی ہوئی، مگر اللہ میرے ساتھ ہے‘

بی بی سی اردو  |  Aug 04, 2024

EPA

الجزائر کی 25 سالہ باکسر ایمان خلیف جن کی پیرس اولمپیکس میں ’اہلیت‘ پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں نے ہنگری کی لوسا اینا ہاموری کو شکست دے کر میڈل راؤنڈ میں پہچن گئی ہیں۔ اب یہ بات یقینی ہے کہ وہ پیرس اولمپک سے اپنے ملک ’الجزائر‘ میڈل لے کر ہی جائیں گی۔

الجزائر کے یہ باکسر ایمان خلیف اور تائیوان کے لین یو ٹینگ جن پر گذشتہ برس میں ورلڈ چیمپیئن شپ میں شرکت پر انٹرنیشنل باکسنگ ایسوشی ایشن (آئی بی اے) کی طرف سے پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ ان پر پابندی کی وجہ یہ بتائی گئی تھی کہ ایمان اس مقابلے میں شریک ہونے کے لیے صنف سے متعلق لازمی اہلیت کا ٹیسٹ پاس نہیں کر سکی تھیں۔ اس کے بعد تنازع نے سر اٹھایا جو ابھی تک ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔

میڈل راؤنڈ میں پہنچنے کے بعد ایمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں کئی برسوں سے انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن کے ساتھ کھیل رہی ہوں، اس تنظیم نے میرے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ مگر اللہ میرے ساتھ ہے، اللہ اکبر۔‘

ایمان اس سے قبل ہونے والے مقابلے میں صرف 46 سیکنڈ میں ہیں اطالوی باکسر سے جیت گئی تھیں۔ سنیچر کو انھوں نے تینوں راؤنڈ اپنے نام کیے اور یوں پیرس اولمپک میڈل بھی۔

آنسو ان کی آنکھوں سے رواں تھے اور جذبات میں ایمان خلیف نے بی بی سی کو بتایا کہ ’مجھے اچھا محسوس ہو رہا ہے۔‘ الجزائر کے لیے ابھی تک یہ پہلا میڈل ہے جو کسی خاتون نے اپنے نام کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’میں بہت خوش ہوں، میں پوری دنیا کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں اور عرب دنیا کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔۔ بہت بہت شکریہ۔‘

لوسا اینا ہاموری نے اس مقابلے سے قبل کہا کہ انھوں نے یہ نہیں سوچا تھا کہ ’ایمان کا اس کھیل میں حصہ لینا درست ہے‘۔ انھوں نے کہا کہ یہ مقابلہ اچھے انداز میں ہی مکمل ہوا۔

مقابلہ ختم ہونے کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کو گلے لگایا اور پھر نتیجہ سننے کے بعد پھر ایک دوسرے سے گلے ملیں۔

لوسا نے کہا کہ ’یہ ہم دونوں کے لیے بہت سخت دن تھا مگر میں یہ کہنا چاہتی ہوں کہ یہ بہت اچھا مقابلہ ہوا اور میں اب آگے ایمان کے لیے نیک تمنائیں رکھتی ہوں اور آپ کا بہت بہت شکریہ ادا کرتی ہوں۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ یہ سمجھتی ہیں کہ یہ مقابلہ درست تھا تو انھوں نے جواب دیا کہ ’میں ایسی چیزوں کی پرواہ نہیں کرتی ہوں۔‘

اس مقابلے کے بعد الجزائر کے صدر عبدالماجد تبونے نے سوشل میڈیا پر ایمان کے نام ایک پیغام لکھا کہ ’آپ نے الجزائر، اس کی خواتین اور باکسنگ کی عزت میں اضافہ کیا۔ نتیجہ کوئی بھی ہو مگر ہم ابھی بھی آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اگلے دو مراحل اور اس سے بھی آگے کے لیے بھی ہماری نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں۔‘

ایمان خلیف کا اب مقابلہ جانجائم سواناپھنگ سے ہوگا، جنھوں نے منگل کو ترکی کی سنہ 2021 کے اولمپک کی چیمپیئن بوزیناس سورمینیلی کو سیمی فائنل میں شکست دی ہے۔

اب اگر ایمان ہار بھی جاتی ہیں تو بھی وہ پیرس اولمپک سے کانسی کا تمغہ لے کر ہی جائیں گی۔ ایمان خلیف اور لین یو ٹینگ کو تنازع کے دوران انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) کی بھرپور حمایت حاصل ہے، جو اس گیمز میں باکسنگ کے مقابلوں کو دیکھتی ہے۔

آئی او سی کی صدر تھامس بچ نے اس سے قبل کہا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ یہ دونوں باکسرز خواتین ہی ہیں۔

گذشتہ برس ایمان ورلڈ چیمپیئن شپس کے فائنل میں پہنچ گئیں تھیں جب انھیں روس کی سربراہی میں چلنے والی ایسوسی ایشن ’آئی بی اے‘ نے نااہل قرار دیا گیا تھا۔ آئی او سی نے سنہ 2019 میں مالی معاملات، گورننس، اخلاقیات، ’ریفرینگ‘ اور ججنگ‘ کی بنیاد پر معطل کر دیا تھا۔

Getty Images

ایمان خلیف نے اٹلی کی انجیلا کیرینی کو ہرا کر خواتین کے 66 کلوگرام کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

ایمان خلیف اور تائیوان کی لین یو ٹنگ وہ دو کھلاڑی ہیں جنھیں اہلیت کے معیار پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے گذشتہ سال خواتین کی عالمی چیمپئن شپ سے باہر کر دیا گیا تھا۔۔۔ ان دونوں کو پیرس میں خواتین کے باکسنگ مقابلوں میں حصہ لینے کی اجازت تو ملی لیکن ان کی شرکت متنازع ثابت ہوئی ہے اور سوشل میڈیا پر ان کی صنف سے متعلق بحث زور پکڑ گئی ہے۔

محض 46 سیکنڈ بعد ہی خلیف کی مدِمقابل انجیلا کیرینی نے مقابلہ چھوڑ دیا تھا جس کے بعد کئی افراد نے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) پر ایک ایسے باکسر کو جو پیدائشی طور پر مرد تھا، خواتین کے مقابلوں میں اجازت دینے پر سوال اٹھایا ہے وہیں ایمان کے حمایتی ایسے اعتراضات پر ان کا دفاع کرتے نظر آتے ہیں۔

کارینیکا کہنا ہے کہ انھوں نے ’اپنی جان بچانے‘ کے لیے لڑائی ختم کی، لیکن جمعے کے روز اپنی حریف سے معافی مانگتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’اگر آئی اور سی نے کہا کہ وہ کھیل سکتی ہیں تو میں اس فیصلے کا احترام کرتی ہوں۔‘

خلیف نے اپنی جیت کے بعد بات کرتے ہوئے کہا: ’میں یہاں گولڈ میڈل لینے آئی ہوں اور میں سب سے لڑوں گی۔‘

Getty Imagesپیدائش کے وقت ایمان کا جنس کیا تھا؟

ایمان ہمیشہ سے خواتین کے باکسنگ کے مقابلوں میں ہی حصہ لیتی آئی ہیں اور آئی او سی بھی انھیں بطور ایک خاتون باکسر ہی تسلیم کرتی ہے۔

آئی او سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’الجزائر کی باکسر کا جنم ایک خاتون کے طور پر ہوا، ان کا اندراج خاتون کے طور پر ہوا، انھوں نے اپنی زندگی خاتون کی حیثیت سے گزاری اور ان کے پاس پاسپورٹ بھی ایک خاتون کا ہے۔‘

’یہ ٹرانسجینڈر ہونے کا معاملہ نہیں ہے۔ یہاں کچھ کنفیوژن پائی جاتی ہے کہ ایک مرد کا ایک خاتون سے مقابلہ کروایا گیا، یہاں یہ معاملہ نہیں ہے۔ اس بات پر سب کو اتفاق ہے کہ سائنسی طور پر یہ ایک مرد کے خاتون سے مقابلے کی بات نہیں ہے۔‘

ایمان ماضی میں ایک لڑکی کی حیثیت سے الجزائر میں اپنی زندگی کا ذکر بھی کر چکی ہیں کہ کیسے وہاں انھیں لڑکوں کے ساتھ فُٹ بال کھیلنے پر جنسی امتیاز کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔

مارچ 2024 میں انھوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ: ’اپنی راہ میں رُکاوٹوں کو نہ آنے دیں۔ میرا خواب سونے کا تمغہ جیتنا ہے۔‘

’اگر میں جیتتی ہوں تو دنیا بھر میں ماں، باپ یہ دیکھ سکیں گے کہ ان کے بچے کہاں تک جا سکتے ہیں، خاص طور پر میں الجزائر کی ان بچیوں کو متاثر کرنا چاہتی ہوں جن کے ساتھ جنسی امتیاز برتا جاتا ہے۔‘

یہاں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کہ ایمان نے اپنی شخصیت کو خاتون کے علاوہ کسی اور جنس سے منسوب کیا ہو۔

Getty Imagesایمان خلیف ہیں کون؟

2024 پیرس اولمپکس میں الجزائر کی نمائندہ ایمان خلیف رواں برس یو ایس اوپن باکسنگ چیمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیتنے والی اور ڈچ چیلسی ہیگن کے خلاف فتح کے بعد 2022 میں خواتین کی عالمی باکسنگ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے والی پہلی الجزائری خاتون ہیں۔

ایمان نے جو اپنے 50 میچوں کے کریئر میں نو بار شکست کھا چکی ہیں، بی بی سی سپورٹس کو بتایا کہ ’میں یہاں طلائی تمغے کے لیے آئی ہوں۔۔۔ میں نے ہر ایک سے مقابلہ کرنا ہے۔‘

مگر ایمان پر تنقید کا سلسلہ جاری ہے۔ بدھ کو بھی الجزائر کی اولمپک کمیٹی نے ایمان کی جنس کو لے کر ان پر کی جانے والی تنقید اور ’بے بنیاد‘ حملوں کی مذمت کی ہے۔

پیرس اولمپکس میں شریک پاکستانی ایتھلیٹس کون ہیں اور وہ کب ایکشن میں دکھائی دیں گےتمغوں کی دوڑ میں کون آگے: پیرس اولمپکس 2024 کا میڈل ٹیبلایتھلیٹکس میں دہائیوں پہلے بنے ریکارڈ توڑنا کیوں مشکل ہوتا جا رہا ہے؟

’مجھے اپنی جان بچانی تھی‘۔

یہ فقرہ پیرس اولمپکس کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا رہا ہے۔

یہ الفاظ اٹلی کی باکسر انجلینا کیرینی کے ہیں جو انھوں نے الجزائر کی باکسر سے اس ’مقابلے‘ کے بعد کہے جو 46 سیکنڈز تک ہی جاری رہا۔

ان کی حریف باکسر ایمان خلیف کی اس جیت نے انھیں ایک بار پھر تنازعے میں دھکیل دیا ہے اور سوشل میڈیا پر ان کی صنف سے متعلق بحث زور پکڑ گئی ہے۔

بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کا کہنا ہے کہ ویلٹر ویٹ زمرے کی باکسر خلیف کو ٹیسٹوسٹرون ہارمون کی بلند سطح کی وجہ سے اس مقابلے میں شامل ہونے کی اجازت نہیں ملی تھی لیکن اب تمام ایتھلیٹس پیرس اولمپک 2024 کے معیار اور اس میں شرکت کی شرائط پر پورا اترے ہیں۔

خیال رہے کہ لین یو ٹنگ بھی جمعے کو پیرس اولمپکس میں ایکشن میں نظر آئیں گی۔

انھیں بھی گذشتہ برس ورلڈ چیمنپیئن شپ میں کانسی کے تمغے سے اس وقت محروم کر دیا گیا تھا جب وہ اہلیت کا مطلوبہ ٹیسٹ کلیئر نہیں کر سکی تھیں۔ اس فیصلے کو انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے نہ صرف یہ کہ تسلیم نہیں کیا بلکہ انصاف کے تقاضوں کے بھی خلاف قرار دیا۔

اسبار اولمپک کمیٹی نے یہ اعلان کیا کہ تمام باکسرز ان مقابلوں میں حصہ لینے کے اہل ہیں۔

منگل کو اس کمیٹی کے ترجمان مارک ایڈمز نے کہا تھا کہ ’ان ایتھلیٹس نے گذشتہ کئی برسوں سے پہلے بھی کئی مقابلوں میں حصہ لیا ہے، یہ ایک دم نمودار نہیں ہوئی ہیں۔ انھوں نے ٹوکیو مقابلوں میں بھی حصہ لیا تھا۔‘

BBCمیچ میں ہوا کیا؟

اس میچ میں ایمان اپنی حریف اطالوی باکسر انجلینا کے چہرے پر میچ شروع ہونے کے پہلے 30 سیکنڈز میں ہی ایک ’مکا‘ مارتی ہیں جس کے بعد انجلینا ایک کونے میں چلی گئیں تا کہ ان کے ہیڈکوچ ان کے ’ہیڈ گیئر‘ کو درست کر سکیں۔ اس کے بعد کچھ وقت کے لیے وہ دوبارہ کھیل شروع کرتی ہیں مگر وہ پھر ایک کونے کی طرف چلی جاتی ہیں اور اپنی شکست تسلیم کر لیتی ہیں۔

جب ریفری نے جیت کے لیے ایمان کا ہاتھ بلند کیا تو اس وقت انجلینا کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’یہ ٹھیک نہیں ہے۔‘ رنگ کے اندر موجود انجلینا کے آنسو رواں تھے اور اس مقابلے کے بعد انھوں نے میڈیا سے گفتگو کی۔

انجلینا نے بی بی سی سپورٹس کو بتایا کہ ’میں پورا میچ نہیں کھیل پائی۔ میری ناک میں شدید درد ہو رہا تھا اور میں نے اپنے آپ سے یہ کہا کہ اپنے تجربے اور عقل کی بنیاد پربہتر یہی ہے کہ میں مزید نہ کھیلوں۔ میں نے یہ بھی کہا کہ مجھے امید ہے کہ میری قوم اور میرے والد اس کا بُرا نہیں منائیں گے۔ میں رک گئی اور میں نے کہا کہ یہ میں اپنے لیے رک رہی ہوں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’یہ زندگی بھر کے لیے ایک یادگار میچ ہوتا مگر میرے لیے اس وقت اپنی جان بچانا بھی تو اہم تھا۔‘

انجلینا کے مطابق ’میں خوفزدہ نہیں تھی۔ مجھے باکسنگ رنگ میں جانے سے ڈر نہیں لگتا۔ میں مقابلے سے نہیں ڈرتی۔ مگر ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے اور میں نے میچ ختم کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ میں اس میچ کو آگے بڑھانے کے قابل نہیں تھی۔‘

اٹلی کی خاتونوزیر اعظم جارجیا میلونی نے ملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’مساوی بنیادوں پر مقابلہ کرنا اہم ہے اور میرے نقطہ نظر سے یہ مقابلہ بھی نہیں تھا۔‘

ایمان خلیف کے بارے میں بات کرتے ہوئے انجلینا نے کہا ’میری نیک تمنائیں ان کے ساتھ ہیں کہ وہ آخر تک ایسا ہی کھیلیں اور خوشی رہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ میں کسی سے متعلق رائے قائم نہیں کرتی اور میں یہاں فیصلے کرنے نہیں آئی ہوں۔‘

Getty Imagesپہلے کیوں پابندی لگی، ٹیسٹ پر کیا تنازع ہے؟

سنہ 2023 کی جس ورلڈ چیمپیئن شپ سے ایمان اور لین یو کو نااہل قرار دیا گیا تھا، اس کا انعقاد انٹرنیشنل باکسنگ ایسوسی ایشن نے کیا تھا۔ اس ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ شفافیت اور ساکھ کی خاطر ان دونوں باکسرز کو نااہل قرار دیا گیا تھا۔

ایسوسی ایشن کے مطابق ان دونوں باکسرز نے اپنا مطلوبہ ٹیسٹ نہیں کرایا۔ تاہم جو ٹیسٹ ان کا ہوا اس کے مطابق یہ دونوں باکسرز مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترتی ہیں اور یہ کہ یہ دونوں باکسرز اپنی خواتین حریفوں پر ایک خاص طرح کی سبقت رکھتی ہیں۔

ایسوسی ایشن کے مطابق پہلے ان دونوں باکسرز کے استنبول ورلڈ چیمپیئن شپ 2022 میں اور پھر 2023 میں ٹیسٹ ہوئے۔ ان نتائج کو لین نے کھیلوں کی ثالثی کی عدالت میں چیلنج بھی نہیں کیا جبکہ ایمان نے بعد میں اس عدالت سے اس فیصلے کے خلاف اپنی اپیل واپس لے لی تھی۔

انٹرنیشنل اولپمک کمیٹی (آئی او سی) نے اس میچ کے بعد اپنا بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے اس نے دونوں کھلاڑیوں سے متعلق گمراہ کن خبریں دیکھی ہیں اور اسے ان دونوں کھلاڑیوں کی کردار کشی پر دکھ ہوا ہے۔ کمیٹی نے کہا کہ ان کھلاڑیوں پر ماضی میں بغیر انصاف کے تقاضے پورے کیے پابندی عائد کی گئی تھی۔ آئی او سی نے کہا ہے کہ وہ پیرس اولمپک گیمز میں شریک تمام ایتھلیٹس کے حقوق کی حفاظت یقینی بنائے گی۔

کمیٹی نے کہا ہے کہ ’ہر کسی کو کھیلوں میں بغیر کسی امتیاز کے حصہ لینے کا حق حاصل ہے۔‘

BBCآئی بی اے کے فیصلے کے بعد اولمپک میں باکسنگ کے قواعد میں کیا تبدیلیاں آئی ہیں؟

ماضی کے برعکس ٹوکیو اولمپکس میں باکسنگ کے مقابلوں کا انعقاد آئی بی اے نہیں بلکہ آئی او سی کروا رہی ہے۔

آئی او سی نے 2019 میں مالی معاملات، گورننس، اخلاقیات اور ریفرینگ کے خدشات کے پیشِ نظر آئی بی اے کو معطل کر دیا تھا۔

اس کے بعد 2023 میں آئی بی اے سے باکسنگ کی عالمی گورننگ باڈی کی حیثیت واپس لے لی گئی تھی۔ اپریل 2024 میں آئی بی اے نے اس فیصلے کے خلاف اپیل کی تھی لیکن آئی او سی کا فیصلہ پھر بھی برقرار رہا۔

آئی بی اے نے ایمان اور لین یو کو اپنی معطلی سے چار مہینے پہلے ورلڈ چیمپیئن شپ میں حصہ لینے کے لیے نااہل قرار دیا تھا۔

آئی او سی کا کہنا تھا کہ ’وہ اولمپکس میں ان تمام ایتھلیٹس کے حصہ لینے کی حمایت کرتی ہے جو کہ انٹرنیشنل فیڈریشن کی بیان کردہ اہلیت کے تقاضوں پر پورا اُترتے ہیں۔‘

باکسنگ میں کس قسم کی ٹیسٹنگ ہوتی ہے؟

سنہ 2019 میں آئی او سی نے اولمپکس میں ڈوپنگ کنٹرول کی ذمہ داری انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی کو سونپی تھی۔

آئی او سی کا کہنا ہے کہ وہ ان لوگوں کو بالکل برداشت نہیں کرتے جو کہ ڈوپنگ مصنوعات استعمال یا کسی کو فراہم کرتے ہیں۔

ایسے ٹیسٹ بھی کیے جاتے ہیں جن سے ایتھلیٹ کے ٹیسٹوسٹرون لیول کا اندازہ ہوتا ہے۔

آئی او سی کے ترجمان اس حوالے سے کہتا ہیں کہ ’ایسے بہت ساری خواتین موجود ہیں جن کا ٹیسٹوسٹرون لیول مردوں سے زیادہ ہوتا ہے۔‘

سوشل میڈیا پر بحث

الجیریا کی ایمان کے ’مُکے‘ نے نہ صرف پیرس اولمپک بالکل بحث کا رخ بھی موڑ دیا ہے۔ پاکستان سمیت مین سٹریم میڈیا ہو یا سوشل میڈیا پر اب اس مقابلے پر بحث زور پکڑ گئی ہے۔

صارفین یہ سوالات بھی اٹھا رہے ہیں کہ پیدائشی طور پر مرد باکسر خواتین کی کھیلوں میں حصہ لینے کے اہل ہیں یا ایسی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انجلینا نے جو بھی میڈیا کو بتایا ہو مگر اب اطالوی میڈیا اور وہاں سوشل میڈیا کے صارفین اپنی پسندیدہ کھلاڑی کے دفاع میں آگے آگے ہیں۔ اس بحث میں اب تو سوشل میڈیا کی دنیا کے ٹائیکون بھی کود پڑے ہیں۔

ایکس رائیلی گینز نامی ایک صارف اپنے ایک ٹویٹ میں لکھتی ہیں کہ عورتوں کے مقابلوں میں مردوں کا کیا کام۔ اب اس ٹویٹ پر جواب خود ایکس کے مالک ایلن مسک نے ’ایبسولیوٹلی‘ کہہ کر دیا ہے۔

سباطینو نامی صارف نے لکھا کہ ایک مرد نے دنیا کے سامنے ایک خاتون کو مکا دے مارا اور دنیا اس شخص جیسا کردار ادا کر رہی ہے جو پڑوس میں ایک شخص کو اپنی بیوی کو مارتے سن پا رہے ہیں مگر مدد کے لیے کچھ نہیں کر پا رہا ہوتا ہے۔

باکسنگ ایم ڈی نامی صارف نے ایکس پر لکھا ’توقع کے مطابق تباہ کن۔ اولمپک باکسنگ میں انجیلا کرینی کو 46 سیکنڈ میں شکست دینے والیایمان خلیف نے ان کی ناک توڑ دی۔ یہ نہ صرف غیر منصفانہ ہے بلکہ مہلک بھی ہوسکتا ہے۔‘

ہیزل اپیلیارڈ نامی صارف کا کہنا تھا کہ ’ آج انجیلا کرینی نے اولمپکس کے اپنے خوابوں کو ایک مرد باکسر ایمان خلیف کے ہاتھوں چکنا چور کر دیا۔ اس پر خاموش نہ رہیں۔ مردوں کو کھیل میں خواتین کو شکست دینے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔ خواتین کے کھیلوں کو بچائیں۔‘

مشہور مصنف جے کے رولنگ نے کہا ہے کہ ’ڈی ایس ڈی (سیکس ڈویلپمنٹ ڈس آرڈر) کے ساتھ کوئی شخص اپنی پیدائش کے طریقے میں مدد نہیں کرسکتا ہے لیکن وہ دھوکہ نہ دینے کا انتخاب کرسکتا ہے۔ وہ خواتین سے تمغے نہ چھیننے کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ وہ چوٹ نہ دینے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

صحافی اور الجزائرکی حقوقِ نسواں کی تحریک کی کارکن کنزا خاطو نے کہا کہ ’ایمان پر جنسی طور پر متنازع ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے، ہم سب ایمان کے ساتھ ہیں نتیجہ کچھ بھی ہو۔‘

سپورٹس جرنلسٹ فیضان لاکھانی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ آئی بی اے کا بیان اور گذشتہ روز اجلاس کی تحریری کارروائی ایمان خلیف والے معاملے کو بہت واضح کر دیتی ہے۔

الجیریا کے ایک صحافی الھواری دیلمی نے کہا کہ ایمان خلیف کے خلاف مغربی میڈیا کے سخت تنقیدی اور وحشیانہ حملے کیے گئے۔

سوشل میڈیا پر ایمان کے بچپن کی تصاویر بھی شئیر کی جا رہیں تاکہ یہ بتایا جا سکے کے وہ ہمیشہ سے ایک لڑکی رہی ہیں۔

ایک صارف نہ کہا کہ ’جس ملک سے ان کا تعلق ہے وہاں ٹرانس ہونا ایک جرم ہے اس لیے ان پر لگے الزامات بے بنیاد ہیں۔‘

تمیم نامی اکاؤنٹ سے پوسٹ کیا گیا کہ’ اگر ایمان خلیف اور انجیلا کرینی کا مقام بدل دیں تو دنیاکے کونے کونے سے مضامین اور انٹرویوز ملتے جن میں عربوں اور مسلمانوں کوبنیاد پرست اور کم تر ثقافت کا حامل قرار دیا جاتا اور سب کو یاد دلایا جاتا کہ کس طرح فلسطینی روزانہ ایل جی بی ٹی کیو لوگوں کو عمارتوں سے نیچے پھینک دیتے ہیں۔‘

ایمان کا اگلا میچ کب ہے؟

ایمان ہفتے کو برطانوی وقت کے مطابق چار بجکر 20 منٹ پر ہنگری کی باکسر اینا لوکا ہموری کا مقابلہ کریں گی۔

جمعے کو اینا نے کہا تھا کہ وہ نہیں سمجھتیں کہ ایمان کا خواتین کے مقابلوں میں حصہ لینا ’درست ہے۔‘

انھوں نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ ’میری رائے میں یہ انصاف نہیں ہے کہ یہ باکسر خواتین کی کٹیگری میں باکسنگ کے مقابلوں میں حصہ لے رہی ہیں۔‘

’لیکن میں اب اسے سوچ کر فکرمند نہیں رہ سکتی۔ میں اسے بدل نہیں سکتی، یہی زندگی ہے اور میں جیتنے کی پوری کوشش کروں گی۔‘

پیرس اولمپکس کی شناخت بننے والی ’سرخ ٹوپی‘ جس کی تاریخ صدیوں پرانی ہےپیرس اولمپکس 1924: روشنیوں کے شہر نے ایک صدی قبل اولمپکس کو کیسے تبدیل کیاپنجاب: وہ صوبہ جس کے بغیر انڈیا کی اولمپکس تاریخ ادھوری ہی رہے گی
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More