ارشد ندیم کا نیرج چوپڑا کے نام پیغام، ’امید ہے ہم دونوں ملک کا نام روشن کریں گے‘

اردو نیوز  |  Aug 07, 2024

اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے جیولن تھرور ارشد ندیم نے اپنے دوست اور حریف انڈیا کے نیرج چوپڑا کے لیے پیرس اولمپکس میں ایونٹ کے فائنل سے قبل نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔پاکستان کے ارشد ندیم اور انڈیا کے نیرج چوپڑا نے منگل کو جیولین تھرو کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں متاثرکن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیرس اولمپکس کے فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا۔

اولمپکس کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق 2023 کی ورلڈ چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنے والے ارشد ندیم نے 86.59 میٹر تک جیولن پھینک کر پیرس اولمپکس کے فائنل راؤنڈ میں جگہ بنائی۔جیولن تھرو کوالیفیکشن راؤنڈ میں گروپ بی میں شامل ارشد ندیم کو فائنل تک براہ راست رسائی حاصل کرنے کے لیے کم سے کم 84 میٹر تک تھرو کرنا تھی۔تاہم ٹوکیو اولمپکس 2021 میں سونے کا تمغہ حاصل کرنے والے انڈیا کے نیرج چوپڑا نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں 89.34 میٹر تک جیولن پھینک کر میڈیا کی شہ سُرخیوں میں جگہ بنائی۔ ارشد ندیم نے لکھا کہ ’یہ میرے لیے بہت خوشی کی بات ہے کہ جنوبی ایشیا سے صرف ہم دو، میں اور نیرج بھائی عالمی سطح پر دیگر کھلاڑیوں کا مقابلہ کریں گے۔‘   ’میں اُمید کرتا ہوں کہ ہم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے بین الاقوامی سطح پر اپنے اپنے ملک کا نام روشن کریں گے۔‘نیرج چوپڑا اور ارشد ندیم  جیولن تھرو کے ایونٹ کے گروپ بی میں شامل ہیں اور دونوں ایتھلیٹس نے پہلی تھرو میں ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔عالمی رینکنگ میں پانچویں نمبر پر براجمان ارشد ندیم اور ان کے روایتی حریف عالمی نمبر ایک انڈیا کے نیرج چوپڑا کے جیولن کے مقابلوں کو پاکستان اور انڈیا دونوں ملکوں میں انتہائی دلچسپی سے دیکھا جاتا ہے۔ 

ارشد ندیم کامن ویلتھ گیمز 2022 میں پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیت چکے ہین (فائل فوٹو: روئٹرز)

ارشد ندیم کامن ویلتھ گیمز 2022 میں پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیت چکے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے گوہاٹی میں کھیلی گئی ساؤتھ ایشین گیمز میں پہلی مرتبہ گولڈ میڈیا اپنے نام کیا تھا۔کھٹمنڈو میں کھیلی گئی ساؤتھ ایشین گیمز میں ارشد ندیم نے سونے کا دوسرا تمغہ حاصل کیا تھا۔ سہ 2018 میں جکارتہ ایشین گیمز میں انہوں نے کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔ دوسری جانب انڈیا کے نیرج چوپڑا نے سات اگست 2021 کو ٹوکیو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔واضح رہے کہ اولمپکس 2024 میں جیولین تھرو کا فائنل 8 اگست کو پیرس میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More