راولپنڈی: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اس دھرنے میں اگر مقاصد حاصل کر لیے تو یہ نقطہ آغاز ہو گا انجام نہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعرات کا دن بہت اہم ہے۔ ہم انشاء اللہ آگے کی طرف مارچ کریں گے اور جماعت اسلامی قوم کو مایوس نہیں ہونے دے گی۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی نے پوری تیاری کے ساتھ حکومت سے بات چیت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جماعت اسلامی کیساتھ بہت سے معاملات پر اتفاق ہوگیا ،عطا اللہ تارڑ
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ دھرنے میں کامیابی کے بعد ہم ایک بڑی جدوجہد کریں گے۔ ہماری تحریک تصادم سے گریز کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ سارے سیاسی قیدیوں کو آزاد ہونا چاہیئے۔ ساری سیاسی جماعتوں کو جلسہ و جلوس کی اجازت ہونی چاہیئے۔ لوگوں کے مسائل ہمارے مسائل ہیں اور “حق دو عوام کو” تحریک مزید آگے بڑھے گی۔
دوسری جانب جماعت اسلامی کے نائب امیر اور دھرنا مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ 13 دن سے ہمارا دھرنا جاری ہے۔ بڑی تعداد میں لوگ شریک ہیں اور پہلے دن سے ہی بجلی کے بحران کے حل کی بات کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی ،پیٹرول کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو معاشی سرکل رک جاتا ہے۔ آئی پی پیز سے قومی وسائل کو غرق کیا جا رہا ہے۔ حکمران آئی پی پیز کے عذاب سے عوام کو نکالنے کے لیے تیار نہیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکمرانوں کے پاس مطالبات کو رد کرنے کا کوئی جواز نہیں۔ ہم نے انہیں مطالبات دیئے ہیں اور ہمیں حکومت کی تجاویز پر تحفظات ہیں۔ ابھی تک حکومت کی جانب سے بھی بڑا اختلاف سامنے نہیں آیا تاہم حکومتی مؤقف سن لیا ہے۔ اب جماعت کی کمیٹی سے مشاورت ہونا باقی ہے۔