پیرس اولمپکس 2024 میں 40 برس کے بعد پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی ارشد ندیم سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب لاہور ایئرپورٹ پہنچے۔ وہ ڈبل ڈیکر بس پر سوار ہوکر ایئرپورٹ سے باہر نکلے اور اپنے آبائی شہر میاں چنوں روانہ ہوگئے۔ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد طیارے کو واٹر کینن سلیوٹ پیش کیا گیا جبکہ عوام کی بڑی تعداد اپنے ہیرو کا استقبال کرنے کے لیے کئی گھنٹے قبل ہی ایئرپورٹ پہنچ گئی تھی۔جمعرات کو پیرس اولمپکس 2024 میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں 92.97 میٹر فاصلے پر نیزہ پھینک کر ارشد ندیم نے جہاں نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا وہیں 40 برس بعد پاکستان کو گولڈ میڈل بھی دلا دیا۔وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ، اعظمیٰ بخاری اور چیئرمین پی ایم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر ارشد ندیم کا استقبال کیا۔ ارشد ندیم کا استقبال کرنے والوں میں ان کے اہل خانہ بھی موجود تھے جنہوں نے انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ ’انہیں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے پر فخر ہے، اس کے لیے انہوں نے سخت محنت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وہ پوری پاکستانی قوم کے بھی شکرگزار ہیں جس نے ان کی کامیابی کے لیے دن رات دعائیں کیں۔
اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر نیا ریکارڈ قائم کرنے والے ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ ’وہ یہ میڈل پوری پاکستانی قوم کے نام کرتے ہیں۔‘اس موقع پر وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ ’وہ پیرس اولمپکس میں پاکستان کا لیے عظیم کارنامہ سرانجام دینے پر ارشد ندیم کو پوری قوم کی جانب سے مبارک باد پیش کرتے ہیں۔‘سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ’ارشد ندیم نے 24 کروڑ عوام کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔‘شائقین کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پر ارشد ندیم کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ میں موجود تھی (فوٹو: اردو نیوز)ارشد ندیم اپنے کوچ سلمان بٹ اور ساؤتھ ایشیئن اتھلیٹکس کے چیئرمین ریٹائرڈ میجر جنرل محمد اکرم ساہی کے ہمراہ لاہور پہنچے تھے۔
اس موقع پر ایئرپورٹ لاﺅنج میں ایک مختصر تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا۔ ایئرپورٹ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
شائقین کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پر ارشد ندیم کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ میں موجود تھی جنہوں نے قومی ہیرو کی آمد پر نعرے لگا کر ان کا خیرمقدم کیا۔
خیال رہے کہ 32 سال قبل آٹھ اگست 1992 کو پاکستان نے آخری مرتبہ اولمپکس میں میڈل حاصل کیا تھا۔ پاکستان ہاکی ٹیم نے بارسلونا اولمپکس میں نیدرلینڈز کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔پاکستان نے سنہ 1984 کے لاس اینجلس اولمپکس میں ہاکی کے ایونٹ میں سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا، تاہم اس کے بعد پاکستان 40 سال تک اولمپکس میں کوئی گولڈ میڈل نہ جیت سکا۔