پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ ارشد ندیم کی طرح قومی کرکٹ ٹیم بھی قوم کو خوشیاں دینے کی کوشش کرے گی۔
اتوار کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ ’کسی کی نیت پر شک نہیں کرنا چاہیے، موجودہ سیٹ اپ میں میچ فکسنگ کے حوالے سے کسی پر انگلی نہیں اٹھائی جا سکتی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ٹیم مینیجمنٹ میں کافی تبدیلیاں ہوئی ہیں، 10 مہینوں سے ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلی۔ مینیجمنٹ میں تبدیلیاں ہوئیں، قومی ٹیسٹ سکواڈ تقریباً وہی ہے۔‘
ٹیسٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ’انگلینڈ کے ڈومیسٹک سسٹم میں تیز کھیلنے کی روایت بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ صورتحال کے مطابق کرکٹ کھیلی جاتی ہے۔‘
خیال رہے کہ پاکستان نے آخری مرتبہ گذشتہ سال دسمبر میں آسٹریلیا کا دورہ کیا تھا جہاں گرین شرٹس کو کینگروز کے ہاتھوں تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اس سیریز کو یاد کرتے ہوئے شان مسعود نے کہا کہ ’ٹیم آسٹریلیا سیریز اچھی کھیلی لیکن جیتے نہیں، جیت اہم ہے۔ ایسی کرکٹ کھیلیں گے جس سے جیت ملے۔‘
پیرس میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ’ارشد ندیم ہیرو تھے اور ہیں۔ ارشد ندیم کی طرح قومی کرکٹ ٹیم بھی قوم کو خوشیاں دینے کی کوشش کرے گی۔‘
خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم رواں ماہ بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ہوم سیریز کھیلے گی۔
اس سیریز کا پہلا ٹیسٹ 21 اگست سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 30 اگست سے کراچی میں ہوگا۔
اس سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کے سکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل ( نائب کپتان)، عامر جمال ( فٹنس سے مشروط)، عبداللہ شفیق، ابرار احمد، بابر اعظم، کامران غلام، خرم شہزاد، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان ( وکٹ کیپر)، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا، سرفراز احمد (وکٹ کیپر) اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔