گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم آبائی علاقے میاں چنوں پہنچ گئے، پرتپاک استقبال

اردو نیوز  |  Aug 11, 2024

پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم اپنے آبائی علاقے میاں چنوں پہنچے جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ ان کی آمد پر بینرز آویزاں کیے گئے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

جمعرات کو پیرس اولمپکس 2024 میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں 92.97 میٹر فاصلے پر نیزہ پھینک کر ارشد ندیم نے جہاں نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا وہیں 40 برس بعد پاکستان کو گولڈ میڈل بھی دلا دیا۔

پیرس اولمپکس 2024 میں 40 برس کے بعد پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑی ارشد ندیم سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب لاہور ایئرپورٹ پہنچے۔ وہ ڈبل ڈیکر بس پر سوار ہوکر ایئرپورٹ سے باہر نکلے اور اپنے آبائی شہر میاں چنوں روانہ ہوگئے۔

ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد طیارے کو واٹر کینن سلیوٹ پیش کیا گیا جبکہ عوام کی بڑی تعداد اپنے ہیرو کا استقبال کرنے کے لیے کئی گھنٹے قبل ہی ایئرپورٹ پہنچ گئی تھی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ ’انہیں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے پر فخر ہے، اس کے لیے انہوں نے سخت محنت کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ وہ پوری پاکستانی قوم کے بھی شکرگزار ہیں جس نے ان کی کامیابی کے لیے دن رات دعائیں کیں۔

اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر نیا ریکارڈ قائم کرنے والے ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ ’وہ یہ میڈل پوری پاکستانی قوم کے نام کرتے ہیں۔‘

اس موقع پر ایئرپورٹ لاﺅنج میں ایک مختصر تقریب کا بھی انعقاد کیا گیا۔ ایئرپورٹ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

شائقین کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پر ارشد ندیم کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ میں موجود تھی جنہوں نے قومی ہیرو کی آمد پر نعرے لگا کر ان کا خیرمقدم کیا۔

خیال رہے کہ 32 سال قبل آٹھ اگست 1992 کو پاکستان نے آخری مرتبہ اولمپکس میں میڈل حاصل کیا تھا۔ پاکستان ہاکی ٹیم نے بارسلونا اولمپکس میں نیدرلینڈز کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

پاکستان نے سنہ 1984 کے لاس اینجلس اولمپکس میں ہاکی کے ایونٹ میں سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا، تاہم اس کے بعد پاکستان 40 سال تک اولمپکس میں کوئی گولڈ میڈل نہ جیت سکا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More