بالی وُڈ کی معروف جوڑی دپیکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ جلد ہی والدین بننے جا رہے ہیں۔ دپیکا پاڈوکون کو سنیچر کو ممبئی کے ایچ این ریلائنس ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کے پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔انڈین ایکسپرس کی ایک خبر کے مطابق دپیکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ کو ان کے خاندانوں کے ہمراہ جنوبی ممبئی کے ایک ہسپتال میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔انسٹاگرام پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایچ این ریلائنس ہسپتال میں ایک کار داخل ہورہی ہے جس میں دپیکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ سوار ہیں۔گاڑی کے دھندلے شیشوں سے جوڑے کے چہرے تو صاف دکھائی نہیں دیے لیکن انڈین ایکسپرس کے ذرائع کا یہ دعویٰ ہے کہ دپیکا پاڈوکون کو ہسپتال داخل کروا دیا گیا ہے جبکہ ان کے ساتھ ان کے اور رنویر سنگھ کے خاندان کے افراد بھی ہیں، جوڑے کے ہاں بچے کی پیدائش کسی بھی وقت متوقع ہے۔شوبز شخصیات کے ایک فوٹوگرافر نے انسٹاگرام پر دپیکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ کی گاڑی کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’جلد والدین بننے والے دپیکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ اپنے اپنے خاندانوں کے ہمراہ ہسپتال پہنچ گئے ہیں۔ خوشی کی خبر بس آنے کو ہے۔‘ View this post on Instagram A post shared by Varinder Chawla (@varindertchawla)اس سے قبل جمعے کو جوڑے نے ممبئی کے سدی ویناک مندر پر حاضری دی تھی۔یہ خبریں بھی زیرگردش ہیں کہ دپیکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ اب شاہ رخ خان کے گھر ’منت‘ کے پڑوس میں واقع ’ساونکی اپارٹمنٹ‘ میں منتقل ہوں گے۔انڈین میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وُڈ جوڑی اس اپارٹمنٹ میں، جو 19 منزلہ عمارت کی 16ویں منزل پر ہے، اس کی تعمیر مکمل ہوتے ساتھ منتقل ہوجائے گی۔دپیکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ نے ’رام لیلا‘ کے سیٹ سے سنہ 2013 میں ڈیٹنگ کا آغاز کیا تھا اور 2018 میں شادی کی جبکہ جوڑے نے رواں برس فروری میں امید سے ہونے کا اعلان کیا تھا۔