شیخہ مہرہ المکتوم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے نئے پرفیوم "طلاق" کی لانچ کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس پرفیوم کو اپنے برانڈ مہرہ ایم 1 کے تحت پیش کیا، جسے خاص طور پر زندگی کے چیلنجنگ اور جذباتی مراحل کی نمائندگی کے طور پر بنایا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق، 30 سالہ شیخہ مہرہ المکتوم نے انسٹاگرام پر اپنے نئے پرفیوم کا اعلان کیا۔ وہ سوشل میڈیا پر کافی متحرک ہیں اور ان کے تقریباً 9.8 لاکھ فالوورز ہیں۔ پرفیوم "طلاق" کی لانچ سے قبل انہوں نے ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں ٹوٹے ہوئے شیشے، سیاہ پنکھڑیاں اور ایک بلیک پینتھر دکھایا گیا، جو ان کی ذاتی زندگی کے حالیہ تجربات کی عکاسی کرتا ہے۔
اس ویڈیو میں انہوں نے اپنے پرفیوم کی سیاہ بوتل کی بھی رونمائی کی، جس پر "طلاق" کا نام کندہ تھا۔ اس پرفیوم کو ان کی زندگی کے ایک نئے باب کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔ انسٹاگرم پر اس نام سے پرفیوم دیکھ کر صارفین بھی دلچسپ تبصرے کررہے ہیں۔ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ اس پرفیوم کی خوشبو آزادی جیسی ہوگی جبکہ کچھ کا کہا ہے کہ اس میں درد ہوگا۔
یاد رہے کہ چند ہفتے قبل شیخہ مہرہ نے اپنے شوہر شیخ منا بن محمد بن راشد بن منا المکتوم سے طلاق کا اعلان انسٹاگرام پر کیا تھا۔ ان دونوں کی شادی مئی 2022 میں ہوئی تھی اور ان کی ایک بیٹی مہرہ ہے، جو یکم مئی کو پیدا ہوئی تھی۔ شیخہ مہرہ نے اپنی طلاق کا اعلان بیٹی کی پیدائش کے دو ماہ بعد کیا تھا۔