بالی ووڈ کی متنازعہ اداکارہ کنگنا رناوت کا باندرا پالی ہل میں موجود شاندار بنگلہ ایک بار پھر میڈیا کی خبروں کا مرکز بن گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، یہ وہی بنگلہ ہے جو چند سال قبل غیر قانونی تعمیرات کی وجہ سے سرخیوں میں آیا تھا۔
کنگنا، جو اب نہ صرف اداکاری بلکہ سیاست میں بھی قدم رکھ چکی ہیں اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی رکن پارلیمنٹ ہیں، نے یہ شاندار بنگلہ 2017 میں 20 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ اور اب انہوں نے اس بنگلے کی فروخت کی کامیاب ڈیل کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق، 3 ہزار سے زائد اسکوائر فٹ پر پھیلے اس بنگلے میں 565 اسکوائر فٹ پارکنگ کے لیے مختص ہے۔ کنگنا نے 5 ستمبر 2024 کو اس بنگلے کا سودا مکمل کیا اور اس کے لیے 1 کروڑ 92 لاکھ کی اسٹامپ ڈیوٹی اور 30 ہزار روپے کی رجسٹریشن فیس ادا کی۔
اس بار، بنگلہ فروخت ہوا 32 کروڑ روپے میں، یعنی 12 کروڑ کا منافع! کنگنا نے یہ پراپرٹی شویتا باتھیجا نامی خریدار کو فروخت کی ہے۔
کنگنا رناوت نے حال ہی میں اپنے اثاثوں کی تفصیلات پارلیمنٹ میں جمع کرائی ہیں، جن کے مطابق وہ 91 کروڑ روپے سے زیادہ کی مالکن ہیں۔ ان کے مجموعی اثاثوں میں 28.7 کروڑ روپے کی منقولہ جائیداد جبکہ 62.9 کروڑ روپے کی غیر منقولہ جائیداد شامل ہے۔
یہ ڈیل اور کنگنا کے اثاثے ایک بار پھر انہیں خبروں میں لے آئے ہیں، جس نے ان کے شائقین اور ناقدین دونوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔