کراچی میں 12 ربیع الاول کے جلوسوں کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا ہے۔
ایم اے جناح روڈ پر کل دوپہر 2:30 بجے سے دو جلوس نکالے جائیں گے، جبکہ تیسرا جلوس 3 بجے شروع ہو گا۔ پہلا جلوس کھارادر کی مسجد سے شروع ہو کر مسجد گلزار حبیب پر ختم ہو گا، دوسرا جلوس میمن مسجد سے شروع ہو کر آرام باغ مسجد تک جائے گا، اور تیسرا جلوس میمن مسجد کھارادر سے نکل کر نشتر پارک پہنچے گا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق، جلوسوں کے دوران ایم اے جناح روڈ بند رہے گا اور جلوس کے راستے سے متصل گلیاں بھی بند کر دی جائیں گی۔
ٹریفک پولیس نے مزید کہا ہے کہ ایم آر کیانی چوک سے ٹریفک کو کورٹ روڈ چورنگی کی طرف موڑ دیا جائے گا، جبکہ ایمپریس مارکیٹ سے ٹریفک کو زیب النساء اسٹریٹ کی طرف بھیجا جائے گا۔
آرام باغ لائٹ سگنل سے شارع لیاقت کی طرف آنے والی ٹریفک کو شاہین کمپلیکس کی طرف بھیجا جائے گا، جبکہ یونیورسٹی روڈ سے آنے والی ٹریفک کو جیل فلائی اوور سے کشمیر روڈ کی طرف موڑا جائے گا۔
پیپلز چورنگی سے شارع قائدین یا کوریڈور 3 کے ذریعے صدر کی طرف ٹریفک موڑی جائے گی، اور گرو مندر سے ایم اے جناح روڈ جانے والی ٹریفک کو سینٹرل جیل کی جانب بھیجا جائے گا۔ لسبیلہ سے ایم اے جناح روڈ کی طرف ٹریفک جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
پولیس نے مزید کہا ہے کہ جلوس کے راستوں پر 3000 سے زائد اہلکار تعینات کیے جائیں گے، بم ڈسپوزل اسکواڈ جلوس کے راستوں کی مکمل سرچنگ کرے گا، اور بلند عمارتوں پر بھی سکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے۔