اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے اسلحہ و شراب برآمدگی کیس میں علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو برقرار رکھا ہے۔ جبکہ پولیس کو انہیں 23 اکتوبر تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی جانب سے طلبی کے باوجود وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ علی امین گنڈاپور کی عدم پیشی پر عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے ہیں۔
علی امین گنڈاپور کے وکیل ظہور الحسن عدالت پیش ہوئے۔ اس دوران علی امین گنڈاپور کے گزشتہ وارنٹ گرفتاری کی بیلف رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔ جس کے مطابق علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔
یہ بھی پڑھیں: آئینی ترامیم پر اتفاق رائے کیلئے ذیلی کمیٹی تشکیل ، جے یو آئی نے 24 نکاتی ڈرافٹ پیش کر دیا
بیلف رپورٹ کے مطابق وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کے لیے مہلت کی استدعا کی گئی ہے۔ عدالت نے 23 اکتوبر تک پولیس کو علی امین گنڈاپور کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
خیال رہے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے آج علی امین گنڈاپور کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا تھا۔ علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔