تین ٹیسٹ کی سیریز کے پہلے میچ میں انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو ایک اننگز اور 47 رنز سے شکست دے دی ہے۔جمعے کو ملتان میں پہلے ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور انگلینڈ کے لیے ہدف کھڑا کرنے میں ناکام رہی۔پاکستان اپنی دوسری اننگز میں 200 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ سپنر ابرار احمد بخار کے باعث ہسپتال میں ہونے کی وجہ سے بیٹنگ کے لیے نہیں آ سکے، تاہم نویں وکٹ گرنے کے بعد ہی میچ کا اختتام ہوگیا۔پہلی اننگز میں 500 سے زائد رنز سکور کرنے کے باجود پاکستان کو اننگز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔چوتھے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے تھے اور اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 65 رنز درکار تھے۔انگلش ٹیم نے چوتھے روز کے دوسرے سیشن میں اپنی پہلی اننگز 823 رنز سات کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئرڈ کر دی تھی۔انگلینڈ کی جانب سے ہیری بروک نے ٹیسٹ میں تیز ترین ٹرپل سینچری سکور کی۔ انہوں نے جو روٹ کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کی 454 رنز کی شراکت بھی قائم کی۔روٹ ڈبل سینچری بنا کر آؤٹ ہوئے۔پاکستان نے پہلی اننگز میں 556 رنز بنائے اور اُس کے تین بلے بازوں نے سینچریاں سکور کی تھیں۔پاکستان کی دوسری اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا جب عبداللہ شفیق بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے۔شائقین کرکٹ اور ماہرین نے پاکستان کی ٹیم کی کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے جہاں وہ بیٹنگ کے لیے انتہائی سازگار پچ پر بھی ناکام ہے۔