اسرائیلی فوج نے حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کو کیسے تلاش اور ہلاک کیا؟

بی بی سی اردو  |  Oct 18, 2024

Getty Images

اسرائیلی فوج سات اکتوبر کے حملوں کے منصوبہ ساز کو ایک سال سے تلاش کر رہی تھی جو غزہ میں روپوش ہو چکے تھے۔

61 سالہ یحییٰ سنوار کے بارے میں خیال ہے کہ انھوں نے زیادہ تر وقت غزہ کی پٹی میں موجود خفیہ سرنگوں میں گزارا۔ اس دوران ان کے ساتھ ان کے محافظاور اسرائیلی یرغمالی بھی تھے جنھیں مبینہ طور پر انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا گیا۔

لیکن اسرائیلی حکام کے مطابق یحییٰ کی تلاش اس وقت اپنے انجام کو پہنچی جب جنوبی غزہ میں ان کا سامنا اسرائیلی فوج سے ہوا اور وہ بھی ان حالات میں کہ ان کے ساتھ چند ہی محافظ تھے اور وہاں کوئی یرغمالی بھی نہیں تھا۔

اس حوالے سے ابھی تک تفصیلات سامنے آ رہی ہیں تاہم ہمیں اب تک ان کی ہلاکت کے حوالے سے یہ معلومات حاصل ہوئی ہیں۔

معمول کا گشت

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کی ایک یونٹ بدھ کے روز رفح کے علاقے تل السلطان میں گشت کر رہی تھی کہ انھیں تین عسکریت پسند دکھائی دیے اور اسرائیلی فوج نے جھڑپ میں انھیں مار دیا۔

اس وقت تک انھیں اس جھڑپ کے بارے میں کوئی غیرمعمولی بات دکھائی نہیں دی اور فوجی جمعرات کی صبح تک اس مقام پر واپس نہیں گئے۔

جمعرات کو جب ان لاشوں کا معائنہ کیا جا رہا تھا تو ان میں سے ایک شخص حماس کے سربراہ سے بہت زیادہ مشابہہ تھا۔

اس لاش کو ممکنہ طور پر بارودی مواد کی موجودگی کی وجہ سے اس مقام سے تو نہیں ہٹایا گیا تاہم اس کی ایک انگلی کاٹ کر اسرائیل بھیجی گئی تاکہ تجزیہ کیا جا سکے۔

بعد ازاں اسی دن جب مذکورہ مقام کو محفوظ قرار دے دیا گیا تو لاش بھی اسرائیل منتقل کر دی گئی۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہیگری کا کہنا ہے کہ ’فوجی اہلکاروں کو حماس کے رہنما کی موجودگی کا علم نہیں تھا لیکن وہ اس علاقے میں کارروائی جاری رکھے ہوئے تھے۔‘

Getty Imagesیحییٰ سنوار حال ہی میں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کی ایران میں ہلاکت کے بعد حماس کے لیڈر بنے تھے

ان کا کہنا تھا کہ فوجیوں نے تین افراد کو مکانات کے درمیان بھاگتے ہوئے دیکھا۔ ان سے مقابلہ کیا گیا اور پھر وہ تینوں الگ ہوگئے۔

ان کے مطابق سنوار کے نام سے شناخت ہونے والے شخص کو اس وقت مارا گیا جب وہ تنہا ایک عمارت میں داخل ہوئے جہاں انھیں ایک ڈرون کی مدد سے تلاش کرنے کے بعد ہلاک کر دیا گیا۔

یحیٰی سنوار: ’سمجھوتہ نہ کرنے والی شخصیت‘ جنھوں نے اسرائیلی قید میں 22 سال گزارےاسماعیل ہنیہ سمیت حماس کے وہ سرکردہ رہنما جو مختلف حملوں میں مارے گئےحزب اللہ کے ’سست رفتار ڈرون‘ جو اسرائیلی دفاعی نظام کے لیے ’جان لیوا سردرد‘ بن چکے ہیں’اسرائیل کے دفاع‘ کے لیے بھیجا جانے والا امریکی تھاڈ میزائل ڈیفینس سسٹم کیا ہے اور کیسے کام کرتا ہے؟

بتایا گیا ہے کہ سنوار کسی بھی یرغمالی کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال نہیں کر رہے تھے جس کی وجہ شاید یہ تھی کہ وہ نظروں میں آئے بغیر وہاں سے نکلنا چاہتے تھے یا ان کے زیادہ تر محافظ مارے جا چکے تھے۔

اسرائیل کے وزیر دفاع یواف گیلنٹ کا کہنا تھا کہ ’سنوار کی موت ایک ایسے فرد کے طور پر ہوئی جو شکست خوردہ، سزا یافتہ اور مفرور تھا۔‘

’وہ ایک کمانڈر کے طور پر نہیں مارے گئے بلکہ ایک ایسے شخص کے طور پر مرے جسے صرف اپنی پرواہ تھی۔ یہ ہمارے تمام دشمنوں کے لیے ایک واضح پیغام ہے۔‘

ان کے مطابق سنوار کے پاس سے ایک بندوق اور 40 ہزار شیکال کی رقم بھی ملی ہے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے جمعرات کو ڈرون کے کیمرے کی فوٹیج جاری کی گئی جس میں بقول اس کے سنوار کے آخری لمحات دیکھے جا سکتے ہیں۔

ویڈیو میں ڈرون کو ایک کھڑکی سے تباہ شدہ عمارت میں داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پھر وہ ایک شخص تک پہنچتا ہے جس کا سر ڈھکا ہوا ہے اور وہ مکان کی پہلی منزل پر ایک کرسی پر بیٹھا ہوا ہے۔

ویڈیو میں وہ شخص بظاہر زخمی دکھائی دیتا ہے اور ڈرون کی جانب ایک چھڑی پھینکتا ہے جس کے بعد ویڈیو ختم ہو جاتی ہے۔

سنوار کی موت کی تصدیق

اسرائیل نے جمعرات کی دوپہر پہلے یہ اعلان کیا کہ وہ یحییٰ سنوار کی ممکنہ ہلاکت کی تصدیق کر رہا ہے۔

اس اعلان کے چند منٹوں بعد ہی سوشل میڈیا پر ایسی تصاویر شیئر کی جانے لگیں جن میں ایک شخص کی لاش دکھائی دی جس کے سر پر کافی بڑا زخم ہے اور اس کی شکل حماس کے رہنما سے ملتی جلتی تھی۔

تاہم حکام کا کہنا تھا کہ اس وقت تک مارے جانے والے تینوں افراد کی شناخت کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔

اس کے کچھ دیر بعد ہی اسرائیلی ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ پُراعتماد ہیں کہ انھوں نے سنوار کو مار ڈالا ہے۔ تاہم انھوں نے کہا کہ موت کی تصدیق سے پہلے کچھ ضروری تجزیے کیے جا رہے ہیں۔

ان تجزیوں میں زیادہ وقت نہیں لگا اور جمعرات کی شام اسرائیل نے اعلان کر دیا کہ سنوار کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ ’برائی کو ختم کر دیا گیا ہے‘۔ تاہم انھوں نے خبردار کیا کہ غزہ میں جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔

پھندا کسنے کی تیاریGetty Imagesاسرائیلی فوجی ملبے سے بھری رفح کی گلیوں میں گشت کرتے ہوئے

اگرچہ یحییٰ سنوار کو ہدف بنا کر کی جانے والی کسی کارروائی کے دوران ہلاک نہیں کیا گیا تھا لیکن اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ کئی ہفتوں سے ان علاقوں میں کام کر رہی تھی جہاں ان کی موجودگی کے اشارے ملے تھے۔

مختصر یہ کہ اسرائیلی افواج نے سنوار کو جنوبی شہر رفح تک محدود کر دیا تھا اور وہ آہستہ آہستہ انھیں پکڑنے کے لیے آگے بڑھ رہے تھے۔

سنوار ایک سال سے زیادہ عرصے سے روپوش تھے۔ حماس کے دیگر رہنماؤں جیسے محمد ضیف اور اسماعیل ہنیہ کی ہلاکت اور سات اکتوبر کے حملوں کے لیے استعمال کیے جانے والے انفراسٹرکچر کی تباہی کے بعد انھوں نے بلاشبہ محسوس کیا تھا کہ اسرائیلی دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ایک بیان میں اسرائیلی فوج نے کہا کہ حالیہ ہفتوں میں جنوب میں اس کی کارروائیوں نے یحییٰ سنوار کی آپریشنل نقل و حرکت کو محدود کر دیا اور فوج کی جانب سے ان کا تعاقب کیا جانا ان کی ہلاکت پر منتج ہوا۔

’بڑی کامیابی لیکن یہ جنگ کا خاتمہ نہیں‘

سنوار کی ہلاک اسرائیل کے لیے ایک بڑا ہدف تھا جن کی موت سات اکتوبر کے حملوں کے بعد طے تھی۔ لیکن ان کی موت کے بعد بھی غزہ میں جنگ ختم نہیں ہوئی۔

نیتن یاہو کا کہنا تھا ’جنگ جاری رہے گی، کم از کم ان 101 یرغمالیوں کو بچانے کے لیے جو اب بھی حماس کے قبضے میں ہیں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’میں یرغمالیوں کے خاندانوں سے کہہ رہا ہوں یہ جنگ میں ایک اہم لمحہ ہے۔ ہم اس وقت تک پوری قوت سے کام جاری رکھیں گے جب تک آپ کے اور ہمارے تمام پیارے، گھر نہیں آ جاتے۔‘

اسرائیل میں یرغمالیوں کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ انھیں امید ہے کہ اب جنگ بندی ہو جائے گی جس سے یرغمالیوں کو وطن واپس لایا جا سکے گا۔

جوہری تنصیبات یا فوجی اہداف: اسرائیل کا ایران پر ممکنہ جوابی حملہ اور اس پر ایرانی ردعمل کیا ہو سکتا ہے؟’400 سیکنڈ میں تل ابیب‘: عالمی پابندیوں کے باوجود ایران نے ’اسرائیل تک پہنچنے والے‘ ہائپرسونک میزائل کیسے بنائے؟دریائے نیل سے نہرِ فرات تک پھیلے ’گریٹر اسرائیل‘ کا تصور صرف ’شدت پسندوں کا خواب‘ ہے یا کوئی ٹھوس منصوبہزیر زمین جوہری شہر اور یورینیئم کی کانیں: ایران کی ایٹمی صلاحیت اور تنصیبات کے بارے میں ہم کیا جانتے ہیں
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More