ایشوریہ رائے جن کے نام پر ایک خاص قسم کے نرگس کے پھول کا نام رکھا گیا

اردو نیوز  |  Nov 01, 2024

آپ ان دنوں ایشوریہ رائے بچن اور ابھیشیک بچن کے درمیان مبینہ دوریوں کے بارے میں سن اور پڑھ رہے ہوں گے۔ کوئی ان کے رشتوں کی تلخیوں کی وجہ کسی دوسری خاتون کو بتا رہا ہے تو کوئی کسی ڈاکٹر کا ذکر کر رہا ہے۔

بہر حال کیا آپ کو معلوم ہے کہ آج یعنی یکم نومبر کو ایشوریہ رائے اپنا 51 واں جنم دن منا رہی ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ کیا وہ اپنا یوم پیدائش اپنی فیملی یعنی بچن فیملی کے ساتھ منائیں گی؟

یہ نومبر 1994 کی بات ہے جب راتوں رات ساری دنیا نے ایشوریہ رائے کا نام سنا اور انھیں مس ورلڈ کا تاج پہنتے دیکھا اور انہیں بلا شبہ ’دنیا کی خوبصورت ترین عورت‘ کہا گیا۔

ان سے قبل اسی سال مس یونیورس کا تاج جیت کر سشمیتا سین نے انڈیا کی خوبصورتی کا پرچم بلند کیا تھا اور پھر ایشوریہ رائے کی جیت نے اس میں چار چاند لگا دیے۔

ایشوریہ رائے ممبئی کی چمک دمک سے دور جنوبی ریاست کرناٹک کے منگلور میں تولو بولنے والے ایک ہندو گھرانے میں یکم نومبر 1973 کو پیدا ہوئیں لیکن والد کے ٹرانسفر کی وجہ سے ان کا کنبہ ممبئی منتقل ہو گيا جس میں والدین کے ساتھ ان کا بڑا بھائی بھی تھا۔

ایشوریہ رائے نے مس ورلڈ کا خطاب جیتنے سے پہلے ہی ماڈلنگ کی دنیا میں قدم رکھ دیا تھا۔ وہ سب سے پہلے کیملن پینسل کے اشتہار میں نظر آئيں۔

اس وقت وہ سکول میں ہی زیر تعلیم تھیں اور اپنی ٹین ایج میں تھیں۔ اس کے بعد انہیں ابھرتے ہوئے سپر سٹار عامر خان کے ساتھ پیپسی کے ایک اشتہار میں لوگوں نے دیکھا۔ اس میں ان کے ساتھ مہیما چودھری بھی تھیں۔ لیکن اس سے پہلے ہی انہوں نے ماڈلنگ کا انٹرنینشل مقابلہ جیتا تھا اور وہ ووگ میگزن کی زینت بنی تھیں۔

انڈیا نے یوں تو کئی مس یونیورس اور مس ورلڈ دیے لیکن ایشوریہ رائے سے زیادہ شہرت شاید کسی کے حصے میں نہ آئی۔ اس کی وجہ کچھ تو ان کا حسن کرشمہ ہے اور کچھ ان کے حوالے سے عشق کی داستانیں ہیں۔

شاید وہ انڈیا کی پہلی خاتون ہیں جن کے نام پر ایک خاص پھول کا نام رکھا گیا ہے۔ فائل فوٹو: انڈین میڈیاسلمان خان کے ساتھ ان کے رشتے نے انہیں سلمان خان کے پرستاروں میں مقبول کر دیا لیکن جب ان کا رشتہ ٹوٹا تو سلمان کے مداحوں نے ایشوریہ کو معاف نہیں کیا۔

انھوں نے تمل فلم ’ایروور‘ سے اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور پھر بابی دیول کے ساتھ ہندی فلم ’اور پیار ہو گیا‘ میں پہلی بار نظر آئیں۔

ابھی کچھ دن پہلے شاہ رخ خان نے ایک پروگرام میں ایشوریہ رائے کے ساتھ فلموں کی بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کوئی ٹھیک طرح کی محبت والی فلم کی ہی نہیں۔ پہلی فلم میں دونوں بھائی بہن ہوتے ہیں۔ پھر دیوداس میں محبت کا احساس ہونے سے پہلے ہی وہ جدا ہو جاتیں ہیں اور پھر فلم ’محبتیں‘ میں وہ بھوت ہوتی ہیں۔

ایشوریہ رائے کی سلمان خان کے ساتھ فلم ’ہم دل دے چکے صنم‘ نے ان کے فلمی کیریئر کو آگے بڑھانے میں بڑا کردار ادا کیا ورنہ اس سے قبل کی ان کی فلمیں مایوس کن تھیں۔

لیکن فلم صحافی آموکتا ریڈی کے مطابق انھوں نے گرو (2007)، جودھا اکبر (2008)، اور اینتھیران (2010) جیسی مشہور فلموں کے ساتھ اپنی اداکاری کی صلاحیت کو بھی ثابت کیا۔

سلمان خان کے بعد ان کا رشتہ وویک اوبرائے سے رہا اور پھر انہوں نے ابھیشیک بچن سے شادی کر لی اور ایشوریہ رائے سے وہ ایشوریہ رائے بچن بن گئیں۔

ابھیشیک بچن نے دی اوپرا ونفری شو میں بتایا تھا کہ ان دونوں میں محبت فلم ’گرو‘ کی شوٹنگ کے دوران ہوئی تھی۔ ابھیشیک بچن نے اس وقت بتایا کہ انہوں نے اپنی اس وقت کی گرل فرینڈ کو کیسے پرپوز کیا تھا: ’میں نیویارک میں ایک فلم کی شوٹنگ کر رہا تھا، اور میں اپنے ہوٹل کے کمرے کی بالکونی میں کھڑا ہو کر سوچا کرتا تھا کہ کاش ایک دن میں اور ایشوریہ شادی شدہ ہوں اور اسی طرح بالکونی پر کھڑا ہوا ہوں۔ چنانچہ ایک دن میں اسے اسی بالکونی میں لے گیا، اور میں نے اس سے کہا مجھ سے شادی کروگی۔‘

ایشوریہ نے متعدد مواقع پر عالمی پلیٹ فارمز پر انڈین سنیما کی نمائندگی کی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)ابھیشیک بچن نے یہاں تک کہ ایشوریہ رائے کو وہی انگوٹھی تحفے میں دی جو انھوں نے گرو میں پہنی تھی۔

ایشوریہ نے متعدد مواقع پر عالمی پلیٹ فارمز پر انڈین سنیما کی نمائندگی کی ہے۔ وہ کانز فلم فیسٹیول میں جیوری کے طور پر شامل ہونے والی پہلی انڈین ہیں۔ انہیں بار ہا اس پلیٹ فارم پر اپنے جلوے بکھیرتے دیکھا گیا اور ان کے بعد دیپکا پاڈوکون اور عالیہ بھٹ جیسی دوسری اںڈین اداکاراؤں نے بھی اس سٹیج پر اپنے جلوے بکھیرے ہیں۔

اگر دیکھا جائے تو 51 سالہ ایشوریہ اکثر سرخیوں میں رہتی ہیں۔ اگرچہ وہ اپنی نجی زندگی پر کم بات کرتی ہیں لیکن انڈین میڈیا میں ان کی نجی زندگی ہی ان دنوں سب سے زیادہ خبروں میں ہے۔

ایشوریہ پر باتیں کبھی ختم نہ ہوں گی لیکن اس ایک حقیقت پر ان کی اس کہانی کو ختم کرتا ہوں کہ شاید وہ انڈیا کی پہلی خاتون ہیں جن کے نام پر ایک خاص قسم کے ٹیولپ یعنی نرگس پھول کا نام رکھا گیا ہے۔

یہ 2005 کی بات ہے جب ہالینڈ کے مشہور کیوکن ہاف گارڈن میں ٹیولپس کی ایک خاص قسم کا نام ایشوریہ رائے بچن کے نام پر رکھا گیا۔ نیدرلینڈ کے بورڈ آف ٹورازم کے منیجنگ ڈائریکٹر ہنس وان ڈریم نے کہا کہ یہ ٹیولپس ایشوریہ رائے کی خوبصورتی کا جشن ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More