جوڈیشل کمیشن کا اجلاس، جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بینچ تشکیل

اردو نیوز  |  Nov 05, 2024

جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بینچ تشکیل دے دیا ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق منگل کو اسلام آباد  میں ہونے والے جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا۔

جوڈیشل کمیشن کی جانب سے تشکیل کردہ آئینی بینچ میں جسٹس امین الدین خان کے علاوہ جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم افغان شامل ہیں۔

جوڈیشل کمیشن نے پانچ سات کی اکثریت سے یہ بینچ تشکیل دیا ہے جس میں پنجاب، سندھ اور بلوچستان سے دو دو جبکہ خیبرپختونخوا سے ایک جج شامل ہے۔

واضح رہے کہ 26 ویں آئینی ترامیم کے مطابق سپریم کوٹ سمیت پانچوں ہائی کورٹس میں آئینی بینچ تشکیل دیا جانا تھا۔

اس ترمیم میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ آئینی بینچ کے لیے ججز کی تقرری جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کرے گی۔

جوڈیشل کمیشن کے اس اجلاس میں سینیئر ججز، وفاقی وزیر قانون، اٹارنی جنرل اور بار کونسل کے نمائندے اور پارلیمنٹ کے پانچ اراکین شریک ہوئے۔

قبل ازیں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سنیچر کو قومی اسمبلی سے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور مسلم لیگ (ن) کے شیخ آفتاب جبکہ سینیٹ سے سینیٹر فاروق نائیک اور سینیٹر شبلی فراز کو جبکہ خواتین نشست پر روشنی خورشید بروچہ کو جوڈیشل کمیشن میں نامزد کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More