سموگ میں اضافے کے باعث پنجاب کے متعدد اضلاع میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہپاکستان کے صوبہ پنجاب میں سموگ کی صورتحال کے پیش نظر متعدد اضلاع میں تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔منگل کو پنجاب حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق لاہور اور ملتان کے بعد راولپنڈی سمیت دیگر ڈویژنز میں بھی سکول اور کالجز کو 17 نومبر تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔راولپنڈی سمیت منتخب ڈویژنز میں 12ویں کلاس تک تمام اسکولوں اور کالجز کو 13 نومبر سے 17 نومبر تک کے لیے بند رکھا جائے گا۔نوٹیفکیشن کے تحت بندش کا اطلاق راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، ساہیوال، اور سرگودھا ڈویژن پر ہوگا۔لاہور سمیت دیگر ڈویژنز میں تعلیمی اداروں کی بندش کے جو نوٹیفکیشن پہلے جاری کیے گئے اُن پر عملدرآمد جاری رکھا جائے گا۔پنجاب حکومت کے محکمہ تعلیم نے کہا ہے کہ سکول اور کالجز بندش کے دوران آن لائن کلاسز کا اجراء جاری رکھ سکیں گے۔شہری بغیر ضرورت کے گھر سے نہ نکلیں: ڈی جی ماحولیاتلاہور کے بعد پنجاب کے دیگر اضلاع میں پنک آئی، چیسٹ انفیکشن اور مختلف اقسام کی الرجی کے مریضوں کی تعدادمیں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔فضا میں سموگ کی آلودگی کے بڑھنے کے پیش نظر ڈی جی خان، ساہیوال، سرگودھا، بہاولپور اور راولپنڈی ڈویژن میں تعلیمی ادارے بند کرنے کے فیصلے کے بعد صوبے کے ڈائریکٹر جنرل برائے ماحولیات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بغیر ضرورت کے گھروں سے نہ نکلیں۔حکام نے کہا ہے کہ 17 نومبر تک نجی ٹیوشن سینٹرز بھی بند رکھے جائیں گے۔