چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا اولین ترجیح ہے۔پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق آرمی چیف نے 19 نومبر کو ہونے والے نیشنل ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے تناظر اور جلد ہونے والے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے پیش نظر جمعے کو پشاور کا دورہ کیا۔آرمی چیف کو موجودہ سکیورٹی صورتحال اور خطے میں جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز کی پیشرفت پر ایک جامع بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور اور فیلڈ کمانڈرز بھی موجود تھے۔
آرمی چیف نے شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مادر وطن کے دفاع کے لیے دی جانے والی بے مثال قربانیوں پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ قربانیاں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بحران پر قابو پانے کی قومی صلاحیت، متاثر کن اور غیرمتزلزل لگن کی بنیاد ہیں۔جنرل عاصم منیر نے ہر قسم کے خطرات کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیے فوجیوں کے بلند حوصلے، آپریشنل تیاریوں اور غیرمتزلزل عزم کو سراہا۔انہوں نے پاکستان مخالف دہشت گرد نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والی غیرقانونی سرگرمیوں کو ختم کرنے کے فوج کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔آرمی چیف نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے قوم اور سکیورٹی فورسز کے اجتماعی عزم کو اجاگر کرتے ہوئے زور دیا کہ دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنانا اولین ترجیح ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ مربوط اور بھرپور کارروائیوں کے ذریعے پاکستانی فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر، پائیدار استحکام اور سلامتی کی ضمانت کے لیے امن کے دشمنوں کا پیچھا کرے گی۔قبل ازیں آرمی چیف کی پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔