برطانوی پارلیمنٹ نے معروف اداکار، ٹی وی میزبان اور پروڈیوسر فہد مصطفیٰ کو دو ایوارڈز سے نواز دیا۔
فہد مصطفیٰ نے برطانوی پارلیمنٹ کی جانب سے ایوارڈز سے نوازے جانے کی ویڈیو اور تصویر شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور اسے پورے پاکستان کی فنکار برادری کے لیے اعزاز قرار دیا۔
فہد مصطفیٰ نے ویڈیو اور تصویر کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہر پاکستانی فنکار کی یہ خواہش رہتی ہے کہ ان کے کام کو سراہا جائے اور انہیں ایوارڈز ملیں، انہیں ملنے والے ایوارڈز اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستانی مواد اہمیت رکھتا ہے۔
انہوں نے پاکستانی ڈراموں کی کہانیوں کو طاقتور، کثیر الثقافت قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ہماری کہانیوں کو پسند کیا جاتا ہے۔
ایوارڈز تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فہد مصطفیٰ نے بتایا کہ حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے ان کے مقبول ڈرامے ’کبھی میں کبھی تم‘ کو یوٹیوب پر ایک ارب 60 کروڑ بار دیکھا جا چکا ہے جو کہ سب کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
برطانوی پارلیمنٹ سے ایوارڈز دیے جانے کی تصاویر شیئر کرنے پر شوبز شخصیات اور مداحوں نے کمنٹس کرتے ہوئے انہیں مبارک باد بھی پیش کی۔
فہد مصطفیٰ کو ایوارڈز سے نوازے جانے کی تقریب کی میزبان ملٹی کلچرل یوکے نامی سماجی تنطیم کی جانب سے کی گئی اور انہیں ایوارڈز دینے کی تقریب میں پاکستانی نژاد مختلف ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔
فہد مصطفیٰ کو ہاؤس آف کامن (ایوان زیریں) کی جانب سے ان کی شوبز میں خدمات کے عوض انہیں دو ایوارڈز ’ڈائیورسٹی اینڈ کلچرل امپیکٹ‘ اور ’گلوبل کلچرل یونٹی‘ ایوارڈز سے نوازا گیا۔
ان سے قبل گزشتہ ماہ 7 نومبر کو برطانوی پارلیمنٹ نے ماہرہ خان کو بھی ان کی خدمات کے عوض ’ایوارڈ آف ریکگنیشن‘ دیا تھا۔