انڈیا کے سپر سٹار بیٹر وراٹ کوہلی کے حوالے سے خبر سامنے آئی ہے کہ وہ اپنی اہلیہ انوشکا شرما اور بچوں کے ساتھ برطانیہ منتقل ہونے کو تیار ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق وراٹ کوہلی کے بچن کے کوچ راجکمار شرما نے دعویٰ کیا ہے کہ وراٹ کوہلی اپنی اہلیہ اور بچوں کے ساتھ برطانیہ شفٹ ہونے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔
راجکمار شرما نے ہندی اخبار دائینک جگران سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ بہت جلد انڈیا چھوڑ کر لندن شفٹ ہو جائیں گے تاہم آج کل کوہلی کرکٹ کے علاوہ اپنا زیادہ تر وقت فیملی کے ساتھ گزار رہے ہیں۔‘
ہوراٹ کوہلی اور انوشکا شرما نے لندن میں پراپرٹی بھی خریدی ہوئی ہے جہاں وہ اپنے بیٹے اکائے کی پیدائش کے بعد سے کافی وقت گزارتے ہیں۔
واضح رہے کہ 36 برس کے بیٹر نے رواں سال انٹرنیشنل ٹی20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی تاہم اس حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ وراٹ کوہلی ٹیسٹ اور ون ڈے کرکٹ کب تک کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
تاہم وراٹ کوہلی آج کل کچھ فارم میں نہیں لگ رہے جس سے مداحوں اور کرکٹ ماہرین نے بھی اُن کے مستقبل پر سوالیہ نشان اٹھائے ہیں۔
رواں سال وراٹ کوہلی نے ایک انٹرویو میں اس بات کا عندیہ دیا تھا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد کافی عرصے تک انہیں میڈیا اور سوشل میڈیا پر عوام نہیں دیکھ پائیں گے۔
انہوں نے کہا تھا ’کافی عام سی بات ہے۔ بطور سپورٹس مین ہمارا کیریئر کبھی نہ کبھی ختم ہونا ہے۔ جب میں نے ریٹائرمنٹ لے لی تو آپ سب مجھے کافی عرصے تک کہیں نہیں دیکھیں گے۔‘