ایک دن میں تیسرا طیارہ حادثہ

سچ ٹی وی  |  Dec 29, 2024

ناروے سے نیدرلینڈز جانے والا مسافر طیارہ اتوار کو ہنگامی لینڈنگ کے دوران رن وے سے اتر گیا، یہ 24 گھنٹوں میں طیارہ حادثے کا تیسرا واقعہ تھا جب کہ اس سے قبل جنوبی کوریا میں طیارہ تباہ ہونے سے 179 افراد ہلاک ہوگئے، اس کے علاوہ ایئر کینیڈا کی ایک پرواز نے بھی ہنگامی لینڈنگ کی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک بوئنگ طیارہ اوسلو ٹورپ سینڈیف جورڈ ہوائی اڈے پر رن وے سے اتر گیا، اوسلو ہوائی اڈے سے اڑان بھرنے کے فوری بعد پرواز کو اس طرف رخ موڑ دیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق پائلٹس نے طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کے لیے اوسلو سے 110 کلومیٹر دور واقع ہوائی اڈے کی طرف موڑنے کا فیصلہ کیا۔

گرچہ طیارہ بحفاظت نیچے اتر گیا لیکن رن وے پر پھسل گیا اور رن وے سے متصل گھاس والے علاقے میں جا کر رک گیا، میڈیا رپورٹ میں واقعے کی وجہ ہائیڈرولک سسٹم کی خرابی بتائی گئی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ جہاز میں سوار 176 مسافروں اور عملے کے 6 ارکان کو کوئی نقصان نہیں پہنچا جب کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اس سے قبل ہی ایئر کینیڈا کی پرواز کو ہفتے کی رات لینڈنگ گیئر میں خرابی کا سامنا کرنے کے بعد ہیلی فیکس اسٹین فیلڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

سینٹ جان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والی ایئر کینیڈا کی فلائٹ 2259 کو مقامی وقت کے مطابق اتوار کو رات 90 بج کر 30 منٹ پر لینڈنگ میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ طیارہ پھسل گیا اور انجن میں آگ لگ گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس کے بعدجہاز میں موجود تمام افراد کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی عملے کی جانب سے فوری ردعمل دیا گیا۔

لینڈنگ کے بعد جہاز میں موجود لوگوں کو باہر نکالا گیا اور پھر پیرا میڈیکس کی جانب سے چیک اپ کرنے کے لیے ایک ہینگر میں لے جایا گیا، واقعے کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

واقعے کے بعد احتیاط کے طور پر ہیلی فیکس ہوائی اڈے پر پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئیں، بعد ازاں ایک رن وے کو دوبارہ کھول دیا گیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل جنوبی کوریا میں مسافر طیارہ لینڈنگ گیئر نہ کھلنے کے باعث رن وے پر پھسلنے کے بعد موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی دیوار سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا تھا، حادثے میں 179 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوگئی اور عملے کے 2 ارکان کو بچالیا گیا تھا۔

حکام کا کہنا تھا کہ حادثے میں زندہ بچنے والے عملے کے 2 ارکان کے علاوہ جہاز میں سوار تمام افراد کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ وہ مرچکے ہیں۔

جنوبی کوریا کی وزارت ٹرانسپورٹ کے مطابق یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے کے بعد اس وقت پیش آیا جب جیجو ایئر کی پرواز 7 سی 2216 تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک سے عملے کے 6 ارکان سمیت 181 افراد کو لے کر ملک کے جنوب میں واقع موان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کر رہی تھی۔

طیارے کی تباہی کی وڈیو سامنے آگئی ہے جس میں طیارے کو رن وے پر پھسلنے کے بعد ایئرپورٹ کی دیوار سے ٹکراتے اور آگ کے گولے میں تبدیل ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، وڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لینڈنگ کے وقت طیارے کے لینڈنگ گیئر کھلے ہوئے نہیں تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More