لائیو: کثیرالجہتی سفارتکاری سے بامعنی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں، وزیر خارجہ

اردو نیوز  |  Jan 01, 2025

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ دہشت گردی امن و سلامتی کے لیے مسلسل ایک خطرہ ہے جبکہ عدم برداشت میں اضافہ، اسلامو فوبیا، دائیں بازوں کے نظریات اور پاپولزم اقوام متحدہ کے چارٹر کے لیے چیلنج بن کر ابھر رہے ہیں۔

بدھ کو دفتر خارجہ میں سفیروں سے خطاب میں اسحاق ڈار نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کی ممانعت سے متعلق اقوام متحدہ کے معاہدے کمزور پڑ رہے ہیں جس سے جوہری ہتھیاروں کے حصول کی دوڑ میں مزید تیزی آ گئی ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے اقدامات میں کثیرالجہتی سفارتکاری کے ذریعے بامعنی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تنازعات کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے پرعزم ہے اور یکطرفہ طاقت کے استعمال کی مخالفت کرتا ہے جبکہ دہشت گردی کا پوری طاقت کے ساتھ مقابلہ کریں گے اور علاقائی بحرانوں کے پرامن حل میں اپنا حصہ ڈالے گا۔

قلعہ سیف اللہ میں آئل ایند گیس کمپنی کے کیمپ کے قریب دھماکہ

بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ میں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی (او جی ڈی سی ایل) کے کیمپ کے قریب دھماکہ ہوا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں کیمپ جانے والی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

دھماکے میں ڈرائیور زخمی ہوا ہے جبکہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔

پولیس کے مطابق زخمی ڈرائیور کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ جائے وقوع پر ناکہ لگا کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

موٹروے مختلف مقامات پر دھند کی وجہ سے بند

موٹر وے ایم 2 اسلام آباد سے بلکسر تک، ایم 3  لاہور سے درخانہ، ایم 4 فیصل آباد سے ملتان جبکہ ایم 5 ملتان سے روہڑی تک دھند کی وجہ سے بند ہے۔

 ترجمان موٹروے پولیس نے کہا ہے کہ دھند کے موسم میں صبح 10 سے شام 6 بجے تک بہترین سفری اوقات ہیں۔

پولیس کے مطابق دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کا سبب بن سکتی ہے لہٰذا اپنی لین میں رہتے ہوئے گاڑی چلائیں۔

پولیس نے معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کرنے کا کہا ہے۔

مری، گلیات اور گرد و نواح میں آج سے بارش و برفباری کی پیشگوئی

ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا ہے کہ مری، گلیات اور قریبی علاقوں میں آج بدھ سے بارش و برفباری کی پیش گوئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مری اور گرد و نواح کے علاقوں میں 6 جنوری تک برفباری کا امکان ہے۔

ترجمان کے مطابق مری میں سیاحوں کی سہولت کے لیے 13 فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کیے گئے ہیں، کسی بھی ناگہانی آفت سے بچنے کے لیے انتظامیہ 24 گھنٹے الرٹ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے سیاحوں سے گزارش کی ہے کہ مری جانے سے پہلے موسم کی صورتحال کا جائزہ لیں اور ایمرجنسی کی صورتحال میں ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More