سعودی وزارت صحت نے عمرہ زائرین کے لیے نئے اور جامع صحت کے اصول و ضوابط جاری کر دیے ہیں۔ سعودی سول ایوی ایشن (گاکا) نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے زائرین پر تمام ضروری ویکسینیشن اور حفاظتی تدابیر پر عمل کو لازم قرار دیا ہے۔ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صحت سے متعلق تمام دستاویزات، خاص طور پر ویکسینیشن سرٹیفکیٹ، اپنے ساتھ رکھیں۔
دنیا بھر سے آنے والے زائرین کے لیے سعودی عرب نے منیجائٹس ویکسین کو لازمی قرار دیا ہے، جبکہ پاکستانیوں سمیت نائجیریا، افغانستان اور دیگر پولیو سے متاثرہ ممالک کے افراد کے لیے پولیو ویکسین لگوانا بھی ضروری ہوگا۔ عمرہ زائرین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بائیویلنٹ اور ان ایکٹیویٹڈ پولیو ویکسین کی تصدیق شدہ دستاویزات اپنے ساتھ لائیں۔
اس کے ساتھ ساتھ، انگولا، نائیجیریا، برازیل، اور کانگو جیسے زرد بخار سے متاثرہ ممالک کے زائرین کے لیے یہ ویکسین بھی لازم قرار دی گئی ہے، اور انہیں اس کا سرٹیفکیٹ فراہم کرنا ہوگا۔ مزید برآں، زائرین کو ٹیٹنس، خسرہ، اور دیگر ممکنہ بیماریوں کے خلاف بھی مکمل ویکسینیشن کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ مقدس مقامات پر صحت عامہ کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
یہ اقدامات سعودی حکومت کی جانب سے زائرین کی حفاظت کو یقینی بنانے اور متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے کیے گئے ہیں۔ تو اگر آپ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، تو ان ہدایات پر عمل کرنا نہ بھولیں!