عدالتوں میں جائیں، جہاں آپ کو ریلیف ملنا ہو گا ملے گا، وفاقی وزیر قانون

ہم نیوز  |  Jan 14, 2025

اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عدالتوں میں جائیں جہاں آپ کو ریلیف ملنا ہو گا تو مل جائے گا۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جب اپوزیشن بول رہی ہوتی ہے تو حکومتی بینچز کی طرف سے خاموشی ہوتی ہے۔ لیکن اپوزیشن کا رویہ قابل مذمت اور قابل افسوس ہے۔ یہ اپنی چوری چھپانے کے لیے ایوان میں شور شرابہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس اوپن اینڈ شٹ ٹرانزکشن ہے۔ اعجاز چودھری کا پروڈکشن آرڈر آپ نے جاری کیا اس پر عمل ہونا چاہیے۔ لیکن رانا ثنا اللہ کے پروڈکشن آرڈر پر عمل نہیں کیا جاتا تھا تو یہ ڈیسک بجاتے تھے۔ ابھی اپوزیشن نے جو کیا وہ پارلیمانی روایات نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں جنگلی حیات کے تحفظ کے قانون میں ترامیم کی منظوری

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ شہزاد اکبر نے حسین نواز کے خلاف درخواست دی تھی انکوائری کی۔ لیکن حسین نواز تو کلیئر ہو گئے اور یہ خود گڑھے میں پھنس گئے۔ بند لفافے میں حکومت پاکستان سے معاہدہ کرایا گیا۔ اور نیشنل کرائم ایجنسی کو اس ڈیل کے مقابلے میں این او سی جار کر دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی مذاکرات کے مطالبات تاحال تحریری طور پر سامنے نہیں آئے۔ جبکہ اتوار کو مذاکراتی کمیٹی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروائی گئی۔ یہ ساری عمر کہتے رہے ہیں این آراو مانگ رہے ہیں تو نہیں دیں گے۔

وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ یہ کہتے ہیں جو جیلوں میں بند ہیں انہیں ایگزیکٹو آرڈر کے ذریعے حکومت رہا کرے۔ لیکن پاکستان کا آئین اس کی اجازت نہیں دیتا آپ عدالتوں میں جائیں۔ ایک عدالتی طریقہ کار ہے وہ اپنایا جائے۔ اور عدالتوں میں جائیں جہاں آپ کو ریلیف ملتا ہو گا ملے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More