بالی وڈ اداکار سیف علی خان کے ڈکیتی مزاحمت میں زخمی ہونے کے بعد اہلیہ کرینہ کپور کا حملہ آور سے متعلق حیرت انگیز بیان سامنے آیا ہے۔
رواں ہفتے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تقریباً 3 بجے کے قریب ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع سیف علی خان کے بارہویں منزل کے اپارٹمنٹ میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی جسے اداکار نے مزاحمت کرکے ناکام بنا دیا۔
مزاحمت کے دوران سیف علی خان پر چاقو سے حملہ کیا گیا جس سے انہیں 6 زخم آئے جن میں سے 2 کافی گہرے تھے جبکہ ایک زخم ریڑھ کی ہڈی کے قریب ترین تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار سیف علی خان کی اہلیہ کرینہ کپور نے پولیس کو حملہ آور کے حوالے سے ایک بیان ریکارڈ کروایا ہے، پولیس کے مطابق اداکارہ کا کہنا تھا کہ مزاحمت کے دوران حملہ آور سیف کے ساتھ بہت جارحانہ ہو گیا تھا اور اس نے سیف پر کئی بار چاقو سے وار کیا۔
اداکارہ نے اپنے بیان میں یہ بھی کہا کہ حملہ آور نے گھر میں رکھے کسی بھی قسم کے زیورات کو ہاتھ نہیں لگایا۔
واضح رہے کہ سیف علی خان کے گھر ڈکیتی کی واردات کے بعد پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے 20 ٹیمیں تشکیل دی تھیں اور پولیس کی جانب سے ملزم کی تصویر بھی جاری کی گئی تھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس کی جانب سے ملزم کو ٹریس کیا جا رہا تھا اور ملزم کو چلتی ٹرین سے حراست میں لے لیا گیا۔
بھارتی ریلوے پروٹیکشن فورس نے ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ ملزم ممبئی سے مغربی بنگال کے شہر ہاوڑہ کی جانب سے ٹرین میں سفر کر رہا تھا کہ اس دوران اسے گرفتار کر لیا گیا۔