مراکش کشتی حادثہ، بچ جانے والے 21 پاکستانیوں کی شناخت ہو گئی

اردو نیوز  |  Jan 19, 2025

پاکستان کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مراکش کے ساحل پر حالیہ کشتی حادثے کے میں بچ جانے والے 21 پاکستانی شہریوں کی شناخت ہو گئی ہے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ نے اتوار کو ایک بیان میں بتایا کہ ’رباط میں موجود سفارتی مشن کے ذریعے متاثرہ پاکستانی شہریوں کو فوری امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ سفارت خانے نے کھانے، پانی، ادویات اور کپڑوں سمیت ضروری سامان کا انتظام کیا ہے۔‘

دفتر خارجہ کے مطابق ’دخلہ میں مقامی حکام ہماری سفارتی درخواست پر پناہ گاہیں اور طبی سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔ سفارت خانے کی قونصلر ٹیم اس وقت دخلہ میں موجود ہے تاکہ امدادی کاموں کی نگرانی کی جا سکے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت متاثرہ پاکستانی شہریوں کی مکمل مدد کو یقینی بنانے اور وطن واپسی کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے مراکشی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ ’ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے پُرعزم ہیں اور اس صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔‘

پاکستان کے دفتر خارجہ نے مراکش کشتی حادثے میں بچ جانے والے پاکستانیوں کی فہرست بھی شیئر کی ہے۔

جن پاکستانی شہریوں کو مراکش کے ساحل سے ریسکیو کیا گیا ہے اُن میں مدثر حسین، وسیم خالد، محمد خالق، عبدالغفار، گل شمیر، تنویر احمد، سید محمد عباس کاظمی، غلام مصطفیٰ، سید بدر محی الدین اور عمران اقبال شامل ہیں۔

ان کے علاوہ شعیب ظفر، علی حسن، سید مہتاب الحسن، عزیر بشارت، محمد آصف، مجاہد علی، امیر علی، محمد عمر فاروقی، بلاول اقبال، ارسلان اور عرفان احمد کو بھی ریسکیو کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ جمعرات کو افریقی ملک موریطانیہ سے غیرقانونی طور پر سپین جانے والوں کی کشتی کو حادثہ پیش آیا تھا۔

مراکش میں حکام نے بتایا تھا کہ 86 تارکین وطن کی کشتی 2 جنوری کو موریطانیہ سے روانہ ہوئی تھی۔ اور ابتدائی طور پر اس حادثے کے نتیجے میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 تارکین کے وطن ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

رباط میں مقامی حکام کا کہنا تھا کہ کشتی میں کل 66 پاکستانی سوار تھے جبکہ 36 افراد کو بچا لیا گیا تھا۔

پاکستانی شہریوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات کے لیے سنیچر کو وفاقی تفتیشی ایجنسی (ایف آئی اے) کی چار رکنی ٹیم رباط روانہ ہوئی تھی۔

پاکستان میں ایف آئی اے کے حکام نے بتایا تھا کہ مراکش جانے والی چار رکنی تفتیشی ٹیم کی سربراہی ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ سلمان چوہدری کر رہے ہیں۔

حکام کے مطابق ایف آئی اے پنجاب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر منیر مسعود مارتھ ٹیم میں شامل ہیں جبکہ دفتر خارجہ اور انٹیلیجنس بیورو کا ایک، ایک فسر بھی تحقیقاتی ٹیم کےساتھ مراکش روانہ ہوا۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More