انڈیا کے معروف یوٹیوبر اور پوڈکاسٹر رنویر الہ آبادیہ نے کہا ہے کہ انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔پوڈکاسٹر کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کامیڈین سمے رائنا کے شو ’انڈیا گاٹ لیٹنٹ‘ سے جنم لینے والے تنازعے میں رنویر الہ آبادیہ پولیس کو مطلوب ہیں۔ہندوستان ٹائمز کے مطابق پوڈکاسٹر نے کہا ہے کہ انہیں بار بار جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں، تاہم وہ پولیس سے تعاون کر رہے ہیں۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے رنویر الہ آبادیہ نے لکھا کہ ’میں اور میری ٹیم پولیس اور دیگر حکام سے تحقیقات میں مکمل تعاون کر رہے ہیں، میں تحقیقات کے ضابطے کی مکمل پیروی کررہا ہوں اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو میسر ہوں، یہ میری ذمہ داری ہے کہ میں تحقیقات میں تعاون کروں اور میں سچ میں سب سے معذرت خواہ ہوں۔‘انہوں مزید لکھا کہ ’میں کہیں نہیں بھاگ رہا ہوں۔‘’میں دیکھ رہا ہوں کہ لوگ مجھے جان سے مارنے اور میرے خاندان کو نقصان پہنچانے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ کچھ لوگ مریض بن کر میری والدہ کے کلینک میں گھس گئے۔ میں خوفزدہ محسوس کر رہا ہوں اور نہیں جانتا کہ کیا کروں، لیکن میں بھاگ نہیں رہا۔ مجھے انڈین پولیس اور عدالتی نظام پر مکمل بھروسہ ہے۔‘اس سے قبل انڈین نیوز ایجنسی پی ٹی آئی نے رپورٹ کیا تھا کہ ’ممبئی پولیس رنویر الہ بادی کو فون بند ہونے کی وجہ سے ٹریس نہیں کر پا رہی ہے۔ View this post on Instagram A post shared by Ranveer Allahbadia (@beerbiceps)خبر کے مطابق ایک سرکاری اہلکار نے سنیچر کو بتایا کہ انہوں نے کامیڈین سمے رائنا کو متنازع تبصروں سے متعلق اپنے یوٹیوب شو کی تحقیقات میں پیش ہونے کے لیے 10 مارچ تک کا وقت دیا ہے۔یاد رہے کہ سمے رائنا کے یوٹیوب کامیڈی شو ’انڈیا گاٹ لیٹینٹ‘ کی ایک قسط سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔اس قسط میں یوٹیوبر اور پوڈکاسٹر رنویر الہ بادی نے پروگرام میں شامل نوجوان سے والدین کے متعلق کچھ سوالات کیے جنہیں ’غیر اخلاقی اور فحش‘ قرار دیتے ہوئے کئی افراد نے شو کی انتظامیہ کے خلاف مقدمات درج کرنے کے لیے درخواستیں دی تھیں۔دوسری جانب اروشی روٹیلا نے رنویر الہ آبادیہ کے ساتھ پوڈکاسٹ کرنے سے انکار کر دیا تھا جبکہ اروشی روٹیلا سمیت کئی دوسری بالی وُڈ شخصیات نے رنویر الہ آبادیہ کو اس تنازع کے بعد انسٹاگرام پر ان فالو بھی کر دیا تھا۔