معدنی وسائل نکالنے میں کامیاب ہوئے تو آئی ایم ایف کو گڈ بائے کہہ سکتے ہیں، وزیر اعظم

ہم نیوز  |  Apr 08, 2025

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ معدنی وسائل نکالنے میں کامیاب ہوئے تو آئی ایم ایف کو گڈ بائے کہہ سکتے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فورم معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مؤثر ثابت ہو گا۔ اور فورم کے انعقاد سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو گا۔ پاکستان میں معدنی وسائل کے بے شمار ذخائر موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سب نے مل کر پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کو کامیاب بنایا۔ اور فورم کے انعقاد پرتعاون کے لیے آرمی چیف کا مشکور ہوں۔ وزیر توانائی اور منتظمین کی کاوشیں بھی قابل ستائش ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ سی ای او بیرک گولڈ مارک برسٹو کو ڈھائی سال سے جانتا ہوں۔ اور ریکوڈک منصوبے پر پیشرفت حوصلہ افزا ہے۔ پاکستان میں کھربوں ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔ اور معدنی وسائل نکالنے میں کامیاب ہوئے تو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کو گڈ بائے کہہ سکتے ہیں۔ بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت میں پہاڑوں میں معدنی ذخائر موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت، ادارے اور پاک آرمی ایک ساتھ کام کر رہے ہیں۔ ہمارے پاس کوئلے کے بھی بہترین ذخائر موجود ہیں۔ اور کوئلے کی درآمدات میں کمی سے فارن ریزرو کو بہتر کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ خام مال کے بجائے تیار شدہ مصنوعات کی برآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ اور سرمایہ کاروں سے کہوں گا کہ وہ تیار مصنوعات پر کام کریں۔ معدنی ذخائر سے استفادہ کر کے پاکستان قرضوں کے چنگل سے آزاد ہو سکتا ہے۔

اس سے قبل وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پائیدار معاشی استحکام کے لیے معدنی وسائل سے استفادہ کرنا ہو گا۔ پاکستان معاشی لحاظ سے بہتری کی جانب جا رہا ہے۔ اور پائیدار معاشی استحکام کے لیے معدنی وسائل سے استفادہ کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقتصادی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ اور بہتر اقدامات کے بعد تمام معاشی اشارے مثبت ہیں۔ جبکہ عالمی ادارے بھی پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ 9 مئی: سپریم کورٹ میں پنجاب حکومت کی رپورٹ پیش

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان میں سونے اور تانبے کے بڑے ذخائر موجود ہیں۔ اور ہمارا ملک قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ پاکستان کی آبادی کا زیادہ حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے زیادہ سرمایہ کاری درکار ہے۔ اور امید ہے کہ فورم سے شعبہ معدنیات میں سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہو گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More