"شوہر مار پیٹ کرتا تھا، بیٹی بھی روز جھگڑتی تھی... اس لیے راہول کے ساتھ چلی گئی، اب جو ہو، شادی اسی سے کروں گی"
اتر پردیش میں دلہن کی ماں نے ایسا کارنامہ کر دکھایا جس نے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے علاقے کو سکتے میں ڈال دیا۔ بیٹی کی شادی سے صرف دس روز پہلے سپنا نامی خاتون اپنی بیٹی کے ہونے والے شوہر راہول کے ساتھ گھر چھوڑ کر غائب ہو گئی۔ اب جب اس فلمی ڈرامے کی واپسی ہوئی ہے، تو اس کہانی کا نیا موڑ سب کو چونکا گیا ہے۔
سپنا اور راہول، دونوں نے بالآخر پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیے، اور ساتھ ہی راہول نے اس الزام کی بھی سختی سے تردید کی کہ وہ گھر سے زیور یا پیسے چرا کر لے گیا تھا۔ لیکن اصل دھماکا سپنا کے بیان سے ہوا۔
پولیس کو ریکارڈ کرائے گئے بیان میں سپنا نے کہا، "شوہر کا رویہ ناقابلِ برداشت ہو چکا تھا۔ وہ شراب پی کر مجھے مارتا، اور بیٹی بھی ہر بات پر طعنہ دیتی۔ اس گھر میں اب رہنا ممکن نہیں رہا تھا، اس لیے میں نے راہول کے ساتھ نئی زندگی شروع کرنے کا فیصلہ کیا۔"
اور سپنا نے صرف فرار پر ہی اکتفا نہیں کیا، اس نے اپنے مستقبل کی سمت بھی واضح کر دی: "اب کچھ بھی ہو جائے، میں راہول کے ساتھ ہی زندگی گزاروں گی، شادی بھی اسی سے کروں گی۔"
یہ واقعہ بھارت کے ایک عام سے قصبے کی روزمرہ کہانی نہیں، بلکہ کسی فلمی اسکرپٹ سے کم نہیں لگتا۔ 16 اپریل کو شیوانی کی شادی ہونے جا رہی تھی، لیکن 6 اپریل کو راہول اپنی ہونے والی بیوی کی ماں کے ساتھ فرار ہو گیا۔ جس کے بعد دونوں خاندانوں پر گویا آسمان ٹوٹ پڑا۔