بھارتی جارحیت اور حملوں کے بعد پاکستان کی جانب سے ’آپریشن بنیان مرصوص‘ شروع کرنے پر شوبز شخصیات نے پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے دونوں ممالک سے امن کے اقدامات کرنے کی اپیل کردی۔
پاک فوج نے 9 اور 10 مئی کی درمیانی شب بھارتی جارحیت اور بار بار سرحدی خلاف ورزیوں پر ’آپریشن بنیان مرصوص‘ شروع کیا تھا۔
پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران بھارت میں ادھم پور، پٹھان کوٹ، آدم پور ایئربیس، کئی ایئرفیلڈز، براہموس اسٹوریج سائٹ اور ایس 400 میزائل دفاعی نظام سمیت متعدد اہداف کو تباہ کردیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے جوابی کارروائی کیے جانے پر شوبز شخصیات نے سوشل میڈیا پوسٹس میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہیں بہادری پر سلام بھی پیش کیا۔
جہاں شوبز شخصیات نے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیا، وہیں ایک بار پھر شوبز شخصیات نے جنگ کو دونوں ممالک کے لیے خطرہ بھی قرار دیا اور دونوں ممالک سے اپیل کی کہ وہ امن کو ترجیح دیں۔
اداکار و ٹی وی میزبان ایاز سموں نے ’آپریشن بنیان مرصوص‘ شروع کرنے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا اور ساتھ ہی انہوں نے آپریشن کا مفہوم بھی بتایا۔
اداکار شہروز سبزواری نے بھی بھارتی جارحیت کے جواب میں شروع کیے گئے آپریشن بنیان مرصوص پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے پاک فوج سے اظہار یکجہتی بھی کیا۔
فاطمہ آفندی نے بھی انسٹاگرام اسٹوری میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ’آپریشن بنیان مرصوص‘ شروع کرنے پر اظہار اطمینان کیا۔
اداکارہ کنزہ ہاشمی نے بھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ’آپریشن بنیان مرصوص‘ شروع کیے جانے پر اظہار اطمینان کیا اور لکھا کہ پہلے بھارتیوں کا شور تھا اور ہم نے خاموشی میں فیصلے کیے۔
عمران عباس نے بھی آپریشن بنیان مرصوص شروع کرنے پر اظہار اطمینان کیا جب کہ عاصم اظہر نے بھی پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کا جواب دینے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آپریشن بنیان مرصوص کی حمایت کی۔
اداکارہ اریبہ حبیب نے بھی آپریشن بنیان مرصوص پر پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیا۔ اداکار فہد شیخ نے بھی بھارتی جارحیت کا جواب دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔
زارا نور عباس نے بھی پاک فوج کی جانب سے بھارتی جارحیت کے خلاف شروع کیے گئے آپریشن بنیان مرصوص کی خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیا۔
ہانیہ عامر نے بھی پاک فوج کی جانب سے بھارتی جارحیت کا جواب دینے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے پاکستان زندہ آباد کی پوسٹ کی۔
فہد مصطفیٰ نے بھی آپریشن بنیان مرصوص پر پاک فوج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پاکستان زندہ آباد کی پوسٹ کی۔
موسیقار ذوالفقار علی خان نے بھی اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیا اور بھارتی جارحیت کی مذمت کی۔
ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، وہ اور ان جیسے دوسرے پاکستانی جنگ نہیں چاہتے، وہ نہیں چاہتے کہ حملوں میں انسان مریں۔
انہوں نے بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے لیکن ساتھ ہی دونوں ممالک پر زور دیا کہ وہ جنگ کو ختم کرکے امن کی طرف بڑھیں۔
اداکار عثمان خالد بٹ نے بھی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ بھارت کی جانب سے ایک بار پھر عوامی آبادی کو نشانہ بنایا گیا، انہوں نے سب کی حفاظت کے لیے دعا بھی کی۔
گلوکار حسن رحیم نے بھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیا اور ساتھ لکھا کہ جنگ وہی لوگ لڑتے ہیں جو اپنی ذات کے لیے نہیں لڑتے بلکہ عوام کی حفاظت کے لیے آگے آتے ہیں۔
اداکارہ منال خان نے بھی پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کی سلامتی کے لیے دعائیں کیں۔
اداکارہ نے لکھا کہ پاکستان اور پاک فوج جارحیت کے خلاف اٹھ کھڑے ہیں، افواج پاکستان قوم کا فخر ہے۔
اداکار اسد صدیقی نے بھی بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے لکھا کہ جنگ کو سنسنی نہ بنایا جائے، جنگ ڈراما یا تھیٹر نہیں، اس میں جانیں ضائع ہوتی ہیں۔
انہوں نے بھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان کی امن کی خواہش کو انڈیا کمزوری نہ سمجھے۔
ژالے سرحدی نے بھی بھارتی جارحیت اور بھارتی میڈیا کی غیر ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی مذمت کرتے ہوئے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیا اور لکھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے۔
اداکار درفشاں نے لکھا کہ بھارت بار بار جارحیت اور امن کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے، بھارت رات کو تین بجے حملے کرکے عام انسانوں کا قتل عام کر رہا ہے جو باعث شرم ہے۔