حکومت سندھ نے وفاقی ایچ ای سی کی جانب سے پبلک فنڈز سے وائس چانسلرز کو بیرون ملک دورہ کرانے کی ترغیب دینے کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں سندھ کی تمام سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز/ڈائریکٹرز کے نام ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے انھیں پبلک فنڈز سے بیرون ملک سفر نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ اگر ایسا کوئی معاملہ رپورٹ ہوا تو اس کی باقاعدہ اطلاع کنٹرولنگ اتھارٹی وزیر اعلی سندھ کو دی جائے گی۔
وائس چانسلر کے نام یہ خط بدھ کی دوپہر سندھ ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر طارق رفیع کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔
سندھ ایچ ای سی کی جانب سے جاری کیے گئے خط میں وائس چانسلرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پریس رپورٹس کے ذریعے یہ بات ہماری توجہ میں آئی ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد نے پاکستان بھر کی پبلک سیکٹر جامعات کے وائس چانسلرز اور ڈائریکٹرز کو جون 2025 کے آخری ہفتے میں مراکش کے شہر رباط میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے مدعو کیا ہے۔
اگرچہ یہ کمیشن بین الاقوامی تعلیمی مباحثوں کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے تاہم اس عمل کو سندھ میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کو درپیش موجودہ مالیاتی چیلنجوں کے مقابلے میں دیکھنا ہوگا۔
وائس چانسلرز اس امر سے بخوبی واقف ہیں کہ صوبے کی بہت سی سرکاری جامعات اس وقت مالی مشکلات سے دوچار ہیں جس کے سبب ان جامعات میں تنخواہوں و پنشن کی ادائیگیاں اور روزمرہ کے امور چلانا بھی مشکل ہورہا ہے جبکہ بعض اعلی تعلیمی اداروں نے ان ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے قرضوں کا سہارا بھی لیا ہے۔
جبکہ حکومت سندھ صوبے کی سرکاری جامعات کو ان کی بنیادی تعلیمی، تحقیقی اور آپریشنل ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر سالانہ گرانٹ دے رہی ہے تاہم یہ فنڈز صوابدیدی یا غیر ضروری اخراجات جیسے بین الاقوامی سفر کے لیے استعمال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہے جب تک کہ غیر معمولی صورتحال میں اس کی منظوری نہ لی گئی ہو۔
خط میں مزید کہا گیا یے کہ مروجہ پالیسی کے مطابق حکومت سندھ کا یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈیپارٹمنٹ اپنی جانب سے عموما جاری کردہ غیر ملکی دوروں کے لیے چھٹی کے نوٹیفکیشنز میں معمول کے مطابق لکھتا ہے کہ" ایسے دوروں کے اخراجات حکومت سندھ یا یونیورسٹی کے فنڈز سے نہیں ہونگے۔
لہذا اس تمام صورتحال کے تناظر میں سندھ میں تمام پبلک سیکٹر جامعات کے وائس چانسلرز کو سختی سے مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ یونیورسٹی کے فنڈز کو غیر ملکی سفر کے لیے استعمال نہ کریں جب تک کہ خصوصی طور پر منظوری نہ دی جائے اگر کوئی وائس چانسلر شرکت پر غور کرتا ہے تو اسے سیلف فنانس کی بنیاد پر ہونا چاہیے یا ایچ ای سی اسلام آباد کی طرف سے فنڈز فراہم کیے جائیں۔
مذکورہ ہدایات کی خلاف ورزی کی اطلاع وزیر اعلیٰ سندھ کو مناسب کارروائی کے لیے دی جاسکتی ہے۔