وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری ہونے والی مالیاتی دستاویز میں انکشاف کیا گیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرپٹو ونچر کے ذریعے ٹوکن فروخت کر کے پانچ کروڑ 70 لاکھ سے زائد ڈالر کمائے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 230 صفحات پر مشتمل دستاویز آفس آف گورنمنٹ ایتھکس کی جانب سے جمعے کو جاری کی گئی جس میں امریکی صدر کے سٹاکس، ریئل اسٹیٹ اور سرمایہ کاری سے متعلق امور کی تفصیلات شامل ہیں۔
رپورٹ سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے صدر ٹرمپ جنہوں نے 2016 میں اپنی پہلی صدارتی مہم کے دوران اس طویل روایت کو توڑ دیا تھا جس کے تحت امیدوار اپنے انکم ٹیکس گوشوارئے شائع کرتے تھے جبکہ انہوں نے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ٹوکنز بیچ کر پانچ کروڑ 70 لاکھ سے زائد ڈالر کمائے۔
اس حوالے سے صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اور ان کے بیٹوں نے پچھلے برس انتخابات سے قبل کرپٹو کرنسی کے ذریعے سرمایہ کاری سے متعلق پلیٹ فارم کو بنانے میں مدد دی تھی، تاہم جیتنے کے بعد ان کے مالی معاملات کے بارے میں تنازعات کو ہوا ملی۔
صدر ٹرمپ نے اس نئی کمپنی کو اپنا نام دیا اور جنوری میں اس کے باقاعدہ افتتاح سے چند گھنٹے قبل ’ٹرمپ‘ میمی کوائن بھی جاری کیا۔
ورلڈ لبرٹی فنانشل نے 100 ارب کے ٹوکن جاری کیے تھے جن میں سے ساڑھے 22 ارب ٹرمپ کی کمپنی ڈی ٹی مارکس ڈیفی کے لیے مختص تھے۔
ماضی میں کرپٹو کرنسی کے خلاف رہنے والے صدر ٹرمپ نے اقتدار میں واپسی کے بعد اسے بڑے جوش سے قبول کیا اور اس کی ریگولیٹری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اہم اقدامات کرنے کے علاوہ بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی۔
صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہوں نے بٹ کوائن کو سرمایہ کاری کا پلیٹ بنانے میں مدد دی (فوٹو: اے ایف پی)
انہوں نے اس کے لیے جہاں دوسرے اقدامات کیے وہیں کرپٹو کرنسی کے حامی پال ایٹکن کو سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمشن کا سربراہ بھی مقرر کیا۔
انہوں نے ’سٹریٹیجک بٹ کوائن ریزرو‘ بھی قائم کیا، جس کا مقصد حکومت کے بٹ کوائن ہولڈنگز کا آڈٹ کرنا ہے جو بنیادی طور پر وہ وصولیاں ہیں جو عدالت کی جانب سے کسی مقدمے میں ضبطگی کے احکامات کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اکٹھے کیں۔
نائب صدر جے ڈی وینس نے پچھلے مہینے لاس ویگاس میں ایک بٹ کوائن کانفرنس میں کہا تھا کہ ’کرپٹو کرنسی کے شعبے کے پاس اب ایک چیمپیئن اور اتحادی وائٹ ہاؤس میں موجود ہے۔‘
دستاویز میں ان رائلٹیز کا جائزہ بھی شامل ہے جو صدر ٹرمپ کو دنیا بھر میں برانڈذ مصنوعات کی فروخت اور لائسنسگ کے معاہدوں کے ذریعے حاصل ہوئی ہیں۔
انہوں نے گھڑیوں سے 20 لاکھ 80 ہزار ڈالر اور پرفیومز اور جوتوں کی فروخت سے 25 لاکھ ڈالر حاصل کیے۔
اسی طرح فلوریڈا میں ان کے مار اے لاگو کلب نے بھی 50 لاکھ سے زائد ڈالر کما کر دیے۔
ٹرمپ کا گالف کورس بھی ان کے لیے کافی آمدنی کا سبب بنا اور اس کے ذریعے ان کی جیب میں دو کروڑ 91 لاکھ ڈالر گئے۔
اسی طرح صدر ٹرمپ کو سکرین ایکٹرز گِلڈ (ایس اے جی) کی جانب سے ماہانہ ریٹائرمنٹ وصولی کی شکل میں چھ ہزار چار سو 84 ڈالر بھی ملے۔