خیبر پختونخوا: بلدیاتی اداروں کو پراپرٹی کرایوں میں فوری اضافے کی ہدایت

ہماری ویب  |  Aug 01, 2025

محکمہ بلدیات خیبر پختونخوا نے صوبہ بھر کے بلدیاتی اداروں کی مالی مشکلات کو پیش نظر انہیں فوری طور پر پراپرٹی کرایوں میں اضافے کی ہدایت کردی ہے۔

تمام بلدیاتی اداروں کوسیکرٹری بلدیات کی جانب سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صوبہ بھر میں پراپرٹی کرایوں میں اضافہ کیاجائے۔

لوکل کونسل بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے مراسلے کے مطابق تمام تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز اور سٹی میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موجودہ پراپرٹی کرایوں کی شرح، وصولیوں اور مقامات کی تفصیلات پر مشتمل رپورٹ تیار کریں اور 20 دن کے اندر تجاویز کے ساتھ پیش کریں۔

مراسلے میں تمام متعلقہ افسران سے ہدایات پر فوری عملدرآمد اور دستاویزی ثبوت کے ساتھ رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسی طرح بلدیاتی اداروں کو کرایوں کے ڈھانچے کی تنظیم نو کرنے اور انہیں مارکیٹ سے مطابقت پر لانے کے ساتھ ساتھ ہر یونٹ کے حساب سے ماہانہ اور سالانہ آمدن کی تفصیل جمع کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں تمام جائیدادوں کے موجودہ کرائے اور تنظیم نو کے بعد مجوزہ کرائے کی بھی تمام تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ یہ اقدام صوبائی حکومت کی جانب سے مقامی حکومتوں کے ذرائع آمدن کو بڑھانے کی کوششوں کا حصہ سمجھا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے میونسپل خدمات کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More