"زارا پچھلے کچھ سالوں میں میری ماں بن گئی ہے۔ میرے بیٹے بہت اچھے ہیں اور میں ان سے بے حد محبت کرتی ہوں، لیکن ایک بیٹی ماں کو زیادہ سمجھتی ہے۔ چند دن پہلے میں اپنے والدین اور بہن کو یاد کر کے اداس ہو گئی تھی، زارا نے فوراً محسوس کر لیا اور مجھے ڈانس کلاس لے گئی تاکہ میرا دل خوش ہو جائے۔ ایک بیٹا زیادہ سے زیادہ آپ کو کھانے پر لے جائے گا یا کہے گا حوصلہ رکھو، لیکن بیٹیاں دل کو بہتر طور پر سمجھتی ہیں۔ میں اللہ کی شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے بیٹی دی۔"
پاکستان کی نامور اداکارہ اسماء عباس اپنی خوش مزاجی اور شگفتہ طبیعت کی وجہ سے مداحوں میں بے حد مقبول ہیں۔ وہ ہمیشہ اپنی زندگی کے تجربات اپنے چاہنے والوں کے ساتھ شیئر کرتی ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ ان کی فیملی کی جھلکیاں بھی اکثر خبروں میں رہتی ہیں۔ ان کی بیٹی زارا نور عباس بھی ایک کامیاب اداکارہ ہیں جنہیں ناظرین نے ٹی وی اسکرین پر پروان چڑھتے دیکھا ہے۔ زارا کی شادی اور حال ہی میں ماں بننے کی خوشخبری نے بھی مداحوں کو بے حد خوش کیا اور دعاؤں میں مصروف رکھا۔
اسماء عباس اور زارا نور عباس کے درمیان ہمیشہ سے ایک خاص رشتہ رہا ہے۔ اسماء نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ کس طرح کینسر کے مشکل دور میں زارا نے ان کا ساتھ دیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ بیٹیاں ماؤں کو زیادہ سمجھتی ہیں اور وہ جذباتی سہارا فراہم کرتی ہیں جو شاید بیٹے نہیں کر پاتے۔
شو "صنم جنگ" میں ماں بیٹی کی یہ گفتگو مداحوں کے دلوں کو چھو گئی۔ اسماء نے اعتراف کیا کہ زارا نہ صرف ان کی بیٹی ہے بلکہ ان کی زندگی کا سہارا بھی ہے، جو ان کے دکھ بانٹتی اور خوشیاں لوٹاتی ہے۔
ان کی اس گفتگو نے سوشل میڈیا پر بھی بحث چھیڑ دی جہاں مداحوں نے کہا کہ واقعی ماں اور بیٹی کا رشتہ سب سے خاص ہوتا ہے، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو جاتا ہے۔