اینٹی نارکوٹکس فورس نے افغانستان سے پاکستان منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔ کارروائی کے دوران طورخم بارڈر سے داخل ہونے والی افغان کارگو گاڑی سے 22 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد ہوئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق شہد کی مکھیوں سے بھرا ٹرک روکا گیا اور تلاشی کے لیے پشاور منتقل کیا گیا۔ مکمل تلاشی کے دوران گاڑی کے پچھلے ایکسل شافٹ باکس میں نہایت مہارت سے بنائے گئے خفیہ خانہ سے 17.5 کلو ہیروئن اور 4.5 کلو آئس برآمد ہوئی۔
پکڑی جانے والی منشیات کی عالمی منڈی میں مجموعی مالیت 24 کروڑ 60 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے۔ کارروائی کے دوران گاڑی کے ڈرائیور مومند اکرام کو گرفتار کر لیا گیا۔ منشیات جلال آباد سے پاکستان لائی جا رہی تھیں۔
گرفتار ملزم کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں تاکہ بین الاقوامی اسمگلنگ نیٹ ورک کے دیگر کارندوں تک بھی پہنچا جا سکے۔