پنجاب میں مون سون بارشوں کا 11واں اسپیل کل سے شروع ہو گا جو 19 ستمبر تک جاری رہے گا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق اس دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔
ترجمان کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 18 اور 19 ستمبر کو راولپنڈی، مری اور گلیات کے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے اور بڑے شہروں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو بھی ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں کے اطراف سیرو تفریح سے گریز کریں اور آندھی و طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں۔