پاکستانی اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے کوچ پر عائد تاحیات پابندی کالعدم قرار

بی بی سی اردو  |  Nov 24, 2025

Getty Images

پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے ایڈجوڈیکیٹر سینیٹر پرویز رشید نے ارشد ندیم کے کوچ سلمان بٹ پر عائد تاحیات پابندی کو ’کالعدم‘ قرار دے دیا ہے۔

خیال رہے گذشتہ مہینے ایتھلیٹکس فیڈریشن پاکستان (اے ایف پی) نے اگست 2025 میں ہونے والے پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے انتخابات کو غیر قانونی قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ سلمان بٹ کی سربراہی میں ہونے والے فیڈریشن کے انتخابات میں قوانین کی خلاف ورزیاں پائی گئی ہیں جس کے بعد ایگزیکٹو کمیٹی نے ان پر تاحیات پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔

پی ایس بی کے ایڈجوڈیکیٹر سینیٹر پرویز رشید نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ اے ایف پی کے آئین میں کسی بھی کوچ پر تاحیات پابندی لگانے کا اختیار درج نہیں ہے۔

فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سلمان بٹ کے خلاف باقاعدہ کوئی چارج شیٹ نہیں فائل کی گئی تھی، نہ انکوائری رپورٹ شیئر کی گئی اور نہ ہی انھیں اپنے دفاع کا حق دیا گیا۔

’انھیں بنا سُنے پابندی عائد کی گئی اور پاکستانی آئین کے آرٹیکل فور، 10 اے اور 25 کی خلاف ورزی کی گئی۔‘

سینیٹر پرویز رشید نے اپنے فیصلے مین ارشد ندیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلمان بٹ برسوں سے ان کے کوچ ہیں اور اسی دوران پیرس اولمپکس 2024 میں ارشد ندیم نے بے مثال کامیابی حاصل کی۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اے ایف پی کے اس عمل نے ایک اولمپک ایتھلیٹ کو ’غیریقینی‘ میں مبتلا کیا اور قومی میڈیلز جتینے کے امکانات کو نقصان پہنچایا۔

اس سے قبل اے ایف پی کے صدر بریگیڈئر ریٹائرڈ وجاہت حسین نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ سلمان بٹ پر تاحیات پابندی کا فیصلہ ان کے خلاف فیڈریشن کے آئین کو توڑنے کے باعث کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’سلمان بٹ پر اس پابندی کا تعلق ایتھلیٹ ارشد ندیم کے کوچ کی حیثیت سے نہیں ہے۔ بلکہ یہ پابندی ایتھلیٹ فیڈریشن پنجاب کے سابق صدر کے خلاف ہے۔ تاحیات پابندی کا کوئی تعلق ارشد ندیم، ان کی پرفارمنس یا ان کے کوچ پر اٹھائے جانے والے سوالات سے نہیں بلکہ فیڈریشن کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی کے باعث یہ پابندی عائد کی گئی ہے۔‘

سلمان بٹ پر پابندی کیوں لگائی گئی تھی؟

اتھلیٹک فیڈریشن پاکستان کے مطابق سلمان بٹ پر تاحیات پابندی کا فیصلہ ’شفافیت، آئینی پاسداری، اور تنظیمی سالمیت‘کے پیش نظر کیا گیا تھا۔

سلمان بٹ فیڈریشن کے کس قانون کی خلاف ورزی کا شکار ہوئے تھے؟

اس سوال کے جواب میں وجاہت حسین نے بتایا تھا کہ قانون کے مطابق ہر چار سال کے بعد فیڈریشن کے تنظیمی انتخابات ہوتے ہیں جن کے لیے جنرل کونسل کے اجلاس کے بعد 21 روز قبل نوٹیفیکیشن کرنا ضروری ہوتا ہے تاکہ انتخابی پراسس آئین کے مطابق ہو سکے، شیڈول کے تمام مراحل مکمل کیے جائیں۔ تاہم سلمان بٹ نے ایسوسی ایشن کے قانون کے ’خلاف جا کر انتخانات کا عمل کروایا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ سلمان بٹ نے ’29 اگست کو ہمیں بذریعہ ای میل ایک خط بھیجا۔ اس خط میں لکھا تھا کہ پنجاب ایتھلیٹک ایسوسی ایشن 31 اگست کو فیڈریشن کے الیکشن کروا رہی ہے۔‘

’اس خط میں ہم سے درخواست کی گئی کہ ہم ان انتخابات میں اپنا نمائندہ بھیجیں جو الیکشن کو مانیٹر کر سکے۔ ہم نے 30 اگست کو ان کو جواب بھیجا کہ آپ اس میں فیڈریشن کے قوانین کے خلاف کروا رہے ہیں۔ قانون کے مطابق آپ کو 21 دن پہلے نوٹس دینا تھا۔‘

ارشد ندیم نے پاکستان کو ایشیئن ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں گولڈ میڈل دلوا دیا: ’وہ پرعزم اور بہتر سے بہتر ہونے کے لیے بے چین ہیں‘جیولین تھرو فائنل: ارشد ندیم تیسری تھرو کے بعد ہی میڈل کی دوڑ سے باہر، کیشورن والکوٹ سونے کا تمغہ جیت گئےارشد ندیم کا گاؤں، ’روسی ٹریکٹر‘ اور والدہ کی خوشی: ’آج تم نے میرا دل بہت بڑا کر دیا‘ماں نے ارشد ندیم کے بارے میں جو بھی کہا دل سے کہا: نیرج چوپڑا

اس تحریر کے لیے سلمان بٹ کا موقف جاننے کے لیے ان سے رابطہ کیا گیا تھا تاہم ان کی طرف سے اب تک کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے۔

تو کیا فیڈریشن نے ان سے انتخابات ملتوی کرنے کی ہدایات کی؟ اس سوال کے جواب میں وجاہت حسین کا کہنا تھا کہ ’ہم نے ان کو الیکشن سے نہیں روکا بلکہ کہا کہ آپ قانون کے مطابق کروائیں جس میں 21 دن پہلے آپ ہمیں آگاہ کریں۔تاہم اس کے باوجود اس کی خلاف ورزی کرواتے ہوئے انتخابات کروائے گئے۔‘

وجاہت حسین کے مطابق الیکشن میں پنجاب کے 40 اضلاع میں سے صرف سات سے آٹھ اضلاع سے ہی لوگ آئے کیونکہ ان الیکشن کے حوالے سے قانون کے مطابق ’آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔ یہاں تک کے سینیئر عہدیدار تک ان انتخابات سے لاعلم تھے۔‘

ارشد ندیم نے پاکستان کو ایشیئن ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں گولڈ میڈل دلوا دیا: ’وہ پرعزم اور بہتر سے بہتر ہونے کے لیے بے چین ہیں‘جیولین تھرو فائنل: ارشد ندیم تیسری تھرو کے بعد ہی میڈل کی دوڑ سے باہر، کیشورن والکوٹ سونے کا تمغہ جیت گئےارشد ندیم کا گاؤں، ’روسی ٹریکٹر‘ اور والدہ کی خوشی: ’آج تم نے میرا دل بہت بڑا کر دیا‘ماں نے ارشد ندیم کے بارے میں جو بھی کہا دل سے کہا: نیرج چوپڑا
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More