قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے محمد عامر کو شاہین شاہ آفریدی سے زیادہ باصلاحیت بولر قرار دے دیا۔
معروف یوٹیوبر نادر علی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی سے زیادہ ہنر مند اور باصلاحیت باولر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ باولنگ ویری ایشن اور مہارت کے اعتبار سے محمد آصف پہلے نمبر پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر عامر ابھی کھیل رہا ہوتا تو میں اسے دوسرے نمبر پر اور شاہین کو تیسرے نمبر پر رکھتا۔
عامر کی ریٹائرمنٹ سے متعلق سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ میرے خیال میں انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنی چاہیے لیکن یہ ان کا فیصلہ ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان کے حوالے سے کیے گئے سوال پر کہا کہ بابراعظم کپتانی سیکھ رہے ہیں، ہر شخص میں بہتری کی گنجائش ہوتی ہے اور ہم سب غلطیاں کرکے ہی سیکھتے ہیں۔