درد کی شکایت لے کر ہسپتال جانے والے نوجوان کے پیٹ سے چاقو برآمد

اردو نیوز  |  Sep 22, 2023

نیپال میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک نوجوان کے پیٹ سے چاقو برآمد ہوا ہے۔

امریکہ کی نیوز ویب سائٹ ’نیوز وِیک‘ کے مطابق یہ واقعہ نیپال میں پیش آیا جہاں 22 برس کا نوجوان پیٹ کے درد کی شکایت لے کر ہسپتال گیا اور آپریشن کرنے پر اُس کے پیٹ سے 15 سینٹی میٹر لمبے چاقو کا بلیڈ نکالا گیا۔

اس نوجوان کی ہسپتال جانے سے ایک دن قبل کسی سے لڑائی ہوئی تھی جس کے بعد مقامی ہیلتھ کیئر ورکر نے جسم پر آنے والوں زخم پر ٹانکے لگائے تاہم اس بارے میں کسی کو بھی شک نہیں ہوا کہ اِس نوجوان کے پیٹ میں چاقو موجود ہے۔

مقامی ہیلتھ ورکر نے نوجوان کے ٹانکے لگانے کے بعد اُسے گھر بھیج دیا۔

یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ اس نوجوان کو بھی لڑائی کے واقعے کے بارے میں واضح علم نہیں تھا کیونکہ جب یہ واقعہ ہوا تو اُس وقت وہ شراب کے نشے میں دھت تھا تاہم اگلے ہی دن اُسے پیٹ میں  تکلیف اور درد محسوس ہونا شروع ہوا جس کے بعد اُسے ہسپتال جانا پڑا۔

ڈاکٹر نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نوجوان کا پیٹ سخت نہیں تھا نہ ہی اُسے متلی کی شکایت ہوئی، نہ ہیضہ ہوا اور نہ ہی قے آئی جبکہ اُس کے بلڈ لیول بھی رپورٹ میں نارمل آئے ہیں۔

اس ساری صورتحال کے بعد ڈاکٹروں نے نوجوان کو پیٹ کا ایکسرے کروانے کا کہا جس کے بعد انہیں پتا چلا کہ نوجوان کے پیٹ میں چاقو موجود ہے۔

پیٹ میں موجود چاقو کا بلیڈ ایک طرف سے سِرک کر دوسرے طرف جاتا رہا تاہم خوش قسمتی سے نوجوان کے کوئی اندورنی اعضاء اس کے باعث متاثر نہیں ہوئے۔

جب ڈاکٹروں نے نوجوان کے پیٹ کے چاقو نکالنے کے لیے سرجری کی تو انہیں پتا چلا کہ چاقو معدے سے نکلنے والے ٹِشو میں لپٹا ہوا تھا۔ 

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ آپریشن کے بعد دوبارہ چیک اپ کروانے کے لیے نوجوان واپس ہسپتال نہیں آیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More